شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین میں آ کر خوشی اور فخر محسوس کر رہا ہوں ، تھوراڑ (عزیز آباد) اور کاھنڈی کے نڈر اور جری لوگوں نے اس خطہ کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،یہاں کے لوگ شہداء کے وارث ہیں،

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا عزیز آباد تھوراڑ میں جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:04

شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین میں آ کر خوشی اور فخر محسوس کر رہا ہوں ..
راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ وہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین میں آ کر خوشی اور فخر محسوس کر رہے ہیں، تھوراڑ (عزیز آباد) اور کاھنڈی کے نڈر اور جری لوگوں نے 1947ء میں اس خطہ کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور یہاں کے لوگ ان شہداء کے وارث ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزیز آباد تھوراڑ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس جلسے کی صدارت مفتی مخدوم نے کی جبکہ جلسے سے مفتی مخدوم، مولانا عبدا لرزاق، سردار شوکت محمود، سردار توصیف عزیز، سردار جنت، عبد الحفیظ، سردار عاشق ،صدر حلقہ نمبر 4 مسلم لیگ (ن) اور سردار طاہر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے صدر آزادجموں و کشمیرکوعلاقے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مطالبات پیش کئے جن میں بی ایچ یو بیڑیںکا قیام ، بوسہ گلہ سڑک کی ریکنڈیشنگ، تعمیر سڑک لاگیاٹ، ابتدائی طبی امداد کی چوکی عزیز آباد لاگیاٹ ، بلاڑی، کھیریاں ، عزیزآبادسڑک کی پختگی اور مڈل سکول عزیز آباد کو ہائی سکول کا درجہ دینے کے مطالبات شامل تھے۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود نے کہا کہ تھوراڑ ، کاھنڈی بیلٹ کا حصہ ہے اور یہ کاھنڈی کا مرکز ہے ، یہ سرزمین مولانا عبدالعزیز تھوراڑوی کی سرزمین ہے جو اپنے وقت کی بہت بڑی قد آور شخصیت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان تھوراڑ کو اس بات پر فخرکرنا چاہیے کہ وہ مولانا عبدا لعزیز کی دھرتی سے تعلق رکھتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ مولانا مرحوم کے میرے دادا مولوی میر عالم خان مرحوم سے گہرے مراسم تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج دل کی اتھا گہرائیوں سے مولانا عبد العزیز تھوراڑوی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ بہت بہادراور بے باک شخصیت کے مالک تھے۔ صدر نے کہا کہ یہ مولانا عبد العزیز ہی تھے جن کی جدوجہد سے اس وقت آزادپتن سے راولاکوٹ تک مرکزی شاہرہ کا روٹ تھوراڑ کے راستے سے ممکن ہوا تھا۔ صدر نے کہا کہ ہمیں اس بات پر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ انہوں نے آزادکشمیر کے محکمہ پلاننگ اور ترقیات سے ایک سڑک جو تھوراڑ ، لاگریاٹ ، داتوٹ سے ہوتی ہوئی باغ جائے گی اور یہ کھیریں کے مقام سے بھی منسلک ہوگی اسے منظور کروایا ہے ۔

اس سڑک کی تعمیر کے بعد یہ علاقہ مستقبل میں سیاحت کا گڑھ بن جائے گا۔صدر گرامی نے مقررین کی طرف سے اٹھائے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تھوراڑ کے لوگوں کو پانی کی سپلائی کے لئے ایک سکیم منظور کروائی ہے جس کے تحت موضع چھپڑی سے پانی کی سپلائی ہوگی۔ اس سے جزوی طور پر پانی کا مسئلہ حل ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پرائمری سکول بیڑیں، بوسہ گلہ سڑک اور ہائی سکول بوسہ گلہ کی عمارت جو کہ انتہائی ضروری ہے اس کی تعمیر کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کھڈ بازار سے اوپر سڑک انہوں نے ٹھیک کروائی ہے اور وہ تھوراڑ راولاکوٹ بلخصوص چھپڑی تک سڑک کو ریکنڈیشن کروانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ صدرنے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم سب مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر نامکمل ہیں۔ انہوں نے سامعین سے کہا کہ آپ اللہ کا شکر ادا کریں کہ آپ آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں اور آج آپ کے پاس ترقی کے ان گنت مواقع موجود ہیں لیکن آپ میں سے ہر فرد کو تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس آج کے دور میںسوشل میڈیا کا ایک ہتھیار موجود ہے ۔آپ اس کا درست استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور وہاں پر کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے نوجوان بچوں کو بھی زندانوں میں مقید کردیا گیا ہے،۔

وہاں عورتوں کی عزت محفوظ نہیں۔ سیاسی اور حریت کے قائدین پابند سلاسل ہیں۔ بھارت کالے قوانین کے تحت مقبوضہ علاقے کی مسلم آبادی کو بڑی تیزی کے ساتھ اقلیت میں بدل رہا ہے اور اگر دنیا خاموش رہی تو چند ہی سالوں میں کشمیر کا نقشہ بدل جائے گا۔ صدر نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ اپنے اندر اتفاق اور اتحاد پیدا کریں اور خداکی ذات پر کامل یقین رکھیں۔

بعد ازاں صدر آزادکشمیر نے بوسہ گلہ تا عزیز آباد سڑک ، اپر سنگڑ تا بیروٹا سڑک کا افتتاح کیا اور کہا کہ وہ خدمت خلق کا کام جاری رکھیں گے۔ صدر سے مختلف علاقوں کے وفود نے بھی ہورنہ میرہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چھوٹا گلہ سے ایک وفد جس کی قیادت سردار وقاص عزیز کر رہے تھے انہوں نے صدر گرامی سے ملاقات کے دوران کہا کہ چھوٹا گلہ والوں نے یونیورسٹی کیمپس چھوٹا گلہ کی تعمیر کے لئے زمین دی تھی لہذا انہیں سڑک کی سہولت فراہم کی جائے۔

صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ انہیں مذکورہ سڑک فراہم کی جائے گی۔صدر گرامی سے موضع بیڑیں کے ایک وفد نے سردار توصیف عزیز کی قیادت میں بھی ملاقات کی۔ وفد میں ریٹائرڈ صدر معلم سردار نذیر ، سعید عزیز ، ابرا رحقانی اور سردار عاشق شامل تھے۔ بعد ازیں صدر سے تھوراڑ کے ایک وفد نے سردار الطاف کی قیادت میں ملاقات کی۔ علاوہ ازیں باغ گیل چھپڑیاں کے ایک نمائندہ وفد نے سردار خورشید خان کی قیادت میں صدر گرامی سے ملاقات کی۔

وفد میں سردار شکیل حسین اور سردار منظور حسین شامل تھے۔ انہوں نے صدر گرامی سے گیل چھپڑیاں سڑک کی پختگی اور علاقے کے لئے گرائونڈ کا بھی مطالبہ کیا۔صدر نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کی جذبے سے سرشار ہے اور آپ کے مسائل حل ہونے چاہئے۔ صدر گرامی سے ترنوٹی کے ایک نمائندہ وفد نے سردار نسیم اور سردار سجاد حنیف کی قیادت میں بھی ملاقات کی۔ اور ان سے بیسک ہیلتھ یونٹ اور قاضی لگی رانٹ چھپڑی سڑک کی پختگی اور گرلز ہائی سکول کی عمارت کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔صدر نے ان تمام مطالبات کو غور سے سنا اور وفد کو بتایا کہ وہ ان تمام مسائل کے حل کے لئے اپنی بھر پور کوشش کریں گے۔