اب ایمریٹس ایئرلائن کی پروازوں میں بھی کوشر (یہودی کھانوں) کی سہولت دستیاب ہو گی

ایمریٹس کی فلائٹ کیٹرنگ کمپنی نے دُبئی میں کوشر عریبیہ کے نام سے فوڈ پروڈکشن قائم کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 ستمبر 2020 17:24

اب ایمریٹس ایئرلائن کی پروازوں میں بھی کوشر (یہودی کھانوں) کی سہولت ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے بعد امارات میں بہت سی نئی سرگرمیاں شروع ہو گئی۔ دُبئی میں پہلی بار کسی اسرائیلی ماڈل نے فوٹو شوٹ کروایا ہے۔ اسرائیلی بینکوں کی برانچز امارات میں بھی کھولی جا رہی ہیں۔ جبکہ ابوظبی کی حکومت نے ہوٹلوں کو بھی کوشر (یہودی کھانوں) تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اب عالمی شہرت یافتہ ایئر لائن ایمریٹس کی جانب سے بھی اپنے مسافروں کے لیے کوشر کی سہولت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایمریٹس ایئر لائنز کے مطابق ایمریٹس کے ساتھ پرواز کرنے والے مسافر جلد ہی پروازو ں میں یہودی پکوان لیٹیکس اور میٹزا سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ایئر لائن کا کیٹرنگ ڈویژن متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ فوڈ پروڈکشن کی سہولت کھول رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایمریٹس کی فلائٹ کیٹرنگ (EKFC) کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز دُبئی میں کوشر عریبیہ کے نام سے کوشر فوڈپروڈکشن کی سہولت قائم کر رہا ہے۔ عالمی کیٹرنگ کمپنی جنوری 2021ء میں اس سہولت سے کھانا تیار کرنا شروع کرے گی۔ واضح رہے کہ ماراتی حکومت نے ابوظبی کے ہوٹلوں کو ایک سرکلر جاری کیاہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹل کے مینیو میں کوشر (یہودی کھانے) بھی شامل کرنے کے پابند ہوں گے۔

اس سرکلر کے جاری کرنے کا مقصد امارات میں یہودیوں کی سیاحت کو فروغ دینا اور اسرائیل سے تعلقات مزید مضبوط بنانا ہے۔مقامی اتھارٹیز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہونے کے بعد اسرائیل اور دُنیا بھر سے یہودی سیاحوں کی بڑی تعداد میں امارات خصوصاً ابوظبی آمد متوقع ہے۔ ان کو یہودی مذہبی طریقے کے مطابق تیار کیے گئے کھانوں (کوشر) کی فراہمی کے لیے ہوٹلز ضرورت کے مطابق یہ کھانے بھی اپنے مینیو میں شامل کریں گے۔

اس کے علاوہ مقامی اافراد اور سیاحوں کو بھی یہودی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آئے گا۔ ابوظبی ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹور ازم کی جانب سے ہوٹل مینجرز کے نام جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وہ یہودی سیاحوں کی سہولت کی خاطر کوشر پکوان بھی اپنے مینیو کا حصہ بنائیں۔ ہوٹل میں ٹھہرائے گئے یہودی مہمانوں کے روم سروس مینیو اور فوڈ اینڈ بیوریج آؤٹ لیٹس بھی اپنی فہرست میں کوشر کو شامل کریں۔

سرکلر میں ہوٹلز انتظامیہ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہودی روایات کے مطابق کوشر پکوان تیار کروانے کے لیے کچن میں ایک الگ حصہ مخصوص کریں۔ کوشر کھانوں کی تیاری کے لیے ایسے ملازمین رکھیں جو کوشر کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ رکھتے ہوں۔ یہودیوں کے لیے تیار کی گئی تمام مصنوعات پر کوشر (حلال) کا لیبل ضرور لگائیں۔