ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی امیرجما عت اہلسنّت کراچی علامہ شاہ عبد الحق سے ملاقات

عظمت صحابہ و عظمت اہلبیت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،کراچی و پاکستان کسی قسم کے فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں ہوسکتا،شاہ عبدالحق /حاجی حنیف طیب

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) امیرجما عت اہلسنّت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء عامر خان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ عظمت صحابہ و عظمت اہلبیت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ان میں سے کسی کی بھی گستاخی ناقابل قبول ہے، انہوں نے کہا کہ گستاخان رسول و گستاخان صحابہ و اہلبیت کے گستاخوں کے خلاف قوانین موجود ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ان سب کو قانون کے تحت کٹہرے میں لاکر کاروائی کی جائے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء عامر خان نے لا کھوں افراد کی ریلی کو پرامن رکہنے پر شاہ صاحب سمیت قائدین اہلسنّت کو مبارکباد دی اور کہا کہ کراچی و پاکستان کو بین الاقوامی سازش کے تحت فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جھونکے کی سازش ہورہی ہے جسے علماء و عوام نے مل کر ناکام بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ اگر گستاخوں کے خلاف قانون فوری طور پر حرکت میں آجائے تو کسی کو احتجاج کی حاجت ہی نہ رہے ہمارا المیہ ہے کہ حکومتیں فوری ایکشن نہیں لیتی جس کے نتیجے میں ہم پرامن احتجاج کا اپنا حق استعمال کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں عبدالحسیب خان،محمد جاوید احمد شامل تھے جب کہ اس موقع پر علامہ ابرار احمد رحمانی،حاجی حنیف طیب، علامہ نسیم احمد صدیقی، مولانا الطاف قادری، محمد جاوید قادری اور مولانا شاہدین اشرفی بھی موجود تھے۔دریں اثنا۔۔ درگاہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین حضرت خواجہ پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر جما عت اہلسنّت کراچی کے رہنمائوں علامہ شاہ عبد الحق قادری،مولانا ابرار احمد رحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ سید عبد القادر شیرازی،مولانا خلیل الرحمان چشتی،سید رفیق شاہ،مفتی ناصرخان ترابی،مفتی بلال قادری ،علامہ کامران قادری،مولانا الطاف قادری نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا، مرحوم کیلئے بلندی،ْ درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔