*کوئٹہ اور ژوب میں طلباء و طالبات میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 4 سکولز اور ایک یونیورسٹی بند کر دی گئی

جمعہ 18 ستمبر 2020 23:55

jکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2020ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور ژوب میں طلباء و طالبات میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 4 سکولز اور ایک یونیورسٹی بند کر دی گئی تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ریپڈ رسپانس ٹیم کی جانب سے مختلف سکولوں کالجز اور جامعات میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران 3 گرلز سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کے دوران طالبات میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد 3 سکول گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جناح ٹائون ‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلی عالم اور گورنمنٹ سنڈیمن گرلز ہائی سکول کو بند کر دیا گیا جبکہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی میں تدریسی عمل ہاسٹل و دیگر شعبوں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا اس کے علاوہ ژوب میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ژوب سٹی میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سکول کو بند کر دیا گیا ہے واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں صوبائی حکومت کی جانب سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا