جنوبی ایشیا کے خطہ میں بسنے والے انسانوں کے تحفظ اورترقی کیلئے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،عالمی بینک

ہفتہ 19 ستمبر 2020 12:39

جنوبی ایشیا کے خطہ میں بسنے والے انسانوں کے تحفظ اورترقی کیلئے زیادہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) عالمی بینک نے کہاہے کہ جنوبی ایشیا کے خطہ میں بسنے والے انسانوں کے تحفظ اورترقی کیلئے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام اورجنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدرہرٹ ویگ شیفرکے منسلکہ آرٹیکل میں کہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا سے قبل جنوبی ایشیا میں رہنے والے ہر تین میں ایک بچہ سٹنٹڈ گروتھ کا شکارتھا جبکہ ہر 100 میں سے چاربچے 5سال کی عمر کو پہنچنے سے قبل انتقال کرجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک دہائی میں پاکستان میں 5 سال سے کم عمربچوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

2010 ء میں ہر100 پاکستانی بچوں میں سے 9 بچے 5 سال کی عمرسے قبل انتقال کرجاتے تھے۔

2020 ء میں ہر100 پاکستانی بچوں میں سے 7 بچے 5 سال کی عمرسے قبل موت کا شکارہورہے ہیں۔ انہوں نے عالمی بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ جنوبی ایشیا کے خطہ میں 134 ملین انسانوں کو پینے کیلئے صاف پانی مہیا نہیں ہے۔خطہ میں فضائی آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ہر10 اموات میں سے ایک کی وجہ فضائی آلودگی ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی بینک نے گزشتہ چندماہ میں جنوبی ایشیا میں صحت کے ہنگامی خدمات کی فراہمی کیلئے 1.6 ارب ڈالر اورکورونا سے نمٹنے کیلئے بحالی اورریسکیو کارروائیوں کیلئے 4 ارب ڈالرکی معاونت فراہم کی ہے۔تاھم ضرورت اس امر کی ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطہ میں بسنے والے انسانوں کے تحفظ اورترقی کیلئے زیادہ سرمایہ کاری کی جائے۔