کورونا ،گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت میں تیزی

خرید و فروخت میں کراچی سرفہرست ، لاہور دوسرے نمبر پر رہا،سروے رپورٹ

ہفتہ 19 ستمبر 2020 15:04

کورونا ،گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت میں تیزی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) ملک میں کورونا کے باعث لاک ڈائون میں طویل عرصے تک کار شورومز، مارکیٹیں اور ہفتہ بازاروں کی بندش کے دوران مختلف اقسام کی گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔گاڑی کے خریدار اور ڈیلرز نئی اور استعمال شدہ مختلف ماڈلز کی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، رکشے اور ٹریکٹر وغیرہ کی خرید و فروخت کیلئے دستیاب آن لائن پلیٹ فارمز استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سروے کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران صرف ایک پلیٹ فارم او ایل ایکس پر گاڑیوں کی خرید و فروخت 370 ارب روپے سے زائد ریکارڈ کی گئی، یہاں گاڑی بیچنے والے افراد اپنی گاڑیوں کی قیمت بتاتے ہیں ،تاہم خریداروں اور بیچنے والوں کے درمیان بھائو تائو کی بھی گنجائش ہوتی ہے ۔ کارز کی ذیلی کیٹیگری میں یومیہ بنیادوں پر پنجاب سے سب سے زیادہ 32 ہزار، سندھ سے 15 ہزار، خیبر پختونخوا سے 6 ہزار اور اسلام آباد سے 5 ہزار پوسٹس آتی ہیں۔سروے کے مطابق مختلف اقسام کی گاڑیوں کی خرید و فروخت میں شہروں کے اعتبار سے کراچی سرفہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر لاہور سے آنے والے افراد ہیں جن کی تعداد 15 ہزار 168 ہے ۔