سعودی لڑکی شاپنگ مال میں شرمناک حرکت کرنے والے نوجوان پر چڑھ دوڑی

وائرل ہونے والی ویڈیو میں لڑکے نے لڑکی کوزور سے دھکا دیا، سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 ستمبر 2020 18:15

سعودی لڑکی شاپنگ مال میں شرمناک حرکت کرنے والے نوجوان پر چڑھ دوڑی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر2020ء) سعودی عرب میں خواتین پر جنسی حملوں اور ہراسگی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ چند روز قبل بھی ایک سعودی شاپنگ مال میں چند نوجوانوں کی جانب سے لڑکیوں کے ساتھ بے ہودہ حرکات اور ان کی مار پیٹ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ایسا ہی ایک اور ریاض کے ایک اور شاپنگ مال میں بھی پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاض میں ایک نوجوان کی جانب سے جنسی ہراسگی کی شرمناک حرکت پر لڑکی نے اس پر حملہ کر دیا۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاض کے ایک شاپنگ مال میں پیش آیا جہاں لڑکی اپنی والدہ کے ساتھ شاپنگ کے لیے آئی ہوئی تھی۔نوجوان کی جانب سے کوئی شرمناک حرکت کی گئی۔ جس کے بعد لڑکی نے اس پر حملہ کر دیا۔

(جاری ہے)

دونوں نے ایک دوسرے پر مُکے بھی برسانے کی کوشش کی۔اس دوران نوجوان نے زور سے لڑکی کو دھکادے کر نیچے گرانے کی کوشش کی تاہم لڑکی نے سنبھل کرلڑکے کے دوبارہ پاس آنے کی کوشش کی۔

جب اچانک وہاں موجود لوگوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کے درمیان آ کر دونوں کو ایک دوسرے سے پرے کر دیا۔ سعودی لڑکی کی جانب سے نوجوان کو کھری کھری سُنائی گئیں۔ وہ لڑکے کو یہ کہتے سُنی گئی ”کسی کی عزت پر ہاتھ ڈالنے کی تمہاری جرات کیسے ہوئی؟“ لڑائی ختم ہونے کے بعد بھی سعودی لڑکی نے نوجوان کو بُرا بھلا کہنا جاری رکھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

جس کے بعد صارفین نے بدتمیز نوجوان کی شرمناک حرکات اور لڑکی کو دھکا دے کر گرانے پر اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سارے معاملے کی تحقیقات کرانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ لڑائی کی یہ ویڈیو پولیس کو بھی رپورٹ کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد واضح امکان ہے کہ لڑکی سے پوچھ گچھ کے بعد نوجوان کو جنسی ہراسگی اور تشدد کے الزام میں گرفتار کر لیا جائے گا۔