پی آئی اے 20 سے 30 ستمبر تک عرب کے لئے اضافی پروازیں چلائے گا: ترجمان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 19:55

پی آئی اے 20 سے 30 ستمبر تک عرب کے لئے اضافی پروازیں چلائے گا: ترجمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2020ء) ایجرٹن روڈ پر واقعہ قومی ایئرلائنز (پی آئی ای) کے دفاتر پر موجود سعودی عرب کے لئے ٹکٹیں بک کروانے والوں کا گزشتہ روز بھی ہجوم رہاتاہم پی آئی اے سٹاف کی بے بسی کے بعد پی آئی اے دفاتر کے باہر موجود شہریوں کی پولیس اور پی آئی اے سکیورٹی کے اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوگئی۔ جس پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پی آئی اے کے افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی سے روک دیا۔

پنجاب کے مختلف اضلاع سے آنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ بکنگ کا عملہ شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹکٹیں بلیک کررہا ہے اور جو شہری اضافی رقم نہیں ادا کرتا عملہ سے ٹکٹ کی عدم دستیابی کا کہ کر ٹرخا دیتا ہے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے سعودی عرب کے لئے ٹکٹ کا کرایہ 100 ڈالر ہے اور شہری بکنگ عملے کو صرف 100 ڈالر کے متبادل پاکستان کرنسی ادا کرے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بکنگ کا عملہ ان سے 150 سے 200 ڈالر وصول کر کے ٹکٹ جاری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے ایک سے دو دن میں تمام مسافروں کو ٹکٹیں فراہم ہونگی۔ جبکہ پی آئی اے انتظامیہ 20 ستمبر سے 30 ستمبر تک اضافی پروازیں چلائے گا۔