وزیراعظم اور صدر پاکستان کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری

سربراہان مملکت کے کئی شہروں میں کیمپ آفسز ڈکلیئر کرنے کی شق کا خاتمہ کیا جائیگا ،عمران خان نے بابر اعوان کوبل جلد پارلیمنٹ میں لانے کی ہدایت کر دی

ہفتہ 19 ستمبر 2020 20:50

وزیراعظم اور صدر پاکستان کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنی اور صدر پاکستان کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری دے دی ،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کو سرکاری خرچ پر وی آئی پی اخراجات کا کلچر ختم کرنے کیلئے مراعات میں کمی کا قانون فوری طور پر پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی ہدایت کردی ، قانونی ٹیم کی طرف سے کام شروع کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس بل کے تحت سربراہان مملکت کے کئی شہروں میں کیمپ آفسز ڈکلیئر کرنے کی شق کا خاتمہ کیا جائے گا ، جس کے بعد صدر اور وزیراعظم صرف ایک سرکاری رہائش گاہ رکھ سکیں گے ، اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی ، ملازمین ، کھانے پینے ، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مد میں قومی خزانے کی بچت کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق ماضی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق صدر نے لاڑکانہ ریسٹ ہاوس اور رتو ڈیرو کا بھٹو ہاؤس بطور صدر ہاؤس ڈکلیر کیا ، جنوبی پنجاب سے ایک وزیراعظم نے ملتان اور لاہور سمیت 5 مقامات پر کیمپ آفسز بنائے ، جبکہ ایک وزیراعلی نے لاہور میں 7 مخلتف کیمپ آفسز کو وزیراعلی آفس ظاہر کیا۔