لاہور میں 3 افراد کی اسلحے کے زور پر 17 سالہ لڑکی سے زیادتی

تھانہ ملت پارک میں والد کی مدعیت میں مقدمہ درج، ملزمان کی گرفتاری کیلئے قانونی کاروائی شروع کردی۔ پولیس حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 ستمبر 2020 20:00

لاہور میں 3 افراد کی اسلحے کے زور پر 17 سالہ لڑکی سے زیادتی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2020ء) صوبائی دارلحکومت میں اسلحے کے زور 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، تین مسلح درندوں نے لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کیخلاف قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مسلح ملزمان نے لاہور کے ملت پارک میں17 سالہ لڑکی سے زیادتی کرڈالی۔ پولیس نے لڑکی کے والد محمد ایوب کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ لڑکی کو محمدعلی اور اس کے 2 ساتھیوں نے اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔ اسی طرح سرحدی علاقہ برکی میں بھی بچے کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیاگیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم عبد لرحمن نے مدرسے پڑھنے کے لیے جانے والے بچے کے ساتھ بدفعلی کی تھی، بچے کے گھر بتانے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے فوری گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او سجاد بٹ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ملزم کو گرفتار کیا۔

ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ بچوں کیساتھ زیادتی اور نازیبا حرکات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جاے گی۔ زیادتی کا ایک واقعہ بہاولنگر میں پیش آیا، جہاں چک نمبر 185/7Rعلاقہ تھانہ کھچی والا میں پانچ سالہ معصوم بچے کے ساتھ زیادتی کی کوشش کے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قدوس بیگ نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او تھانہ کھچی والا افتخار نذیر سوہل کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی۔

پولیس ٹیم نے ایک گھنٹے کے قلیل وقت میں جدید طریقہ تفتیش اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم محمدکاشف کو گرفتار کرلیا۔ ملزم 4/5 سالہ معصوم بچے کے ساتھ زیادتی کی کوشش کررہاتھا جو اہل علاقہ کے پہنچنے پر موقع سے فرارہوگیا۔ اس موقع پر ڈی پی او بہاولنگر قدوس بیگ نے ورثاء کوانصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے۔ ڈی پی او بہاولنگر نے مزید کہا کہ جنسی جرائم کے روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔