پرویز مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی اسے بجھانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عبد المالک

بلوچستان کے مسائل گولی سے نہیں مذاکرات سے حل ہونگے، اے پی سی کے کل ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت مثبت تبدیلی ثابت ہو گی،سابق وزیراعلی بلوچستان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:45

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2020ء) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی اسے بجھانے کی ضرورت ہے،بلوچستان کے مسائل گولی سے نہیں مذاکرات سے حل ہونگے۔اپوزیشن پارٹیاں اس حکومت کے خلاف تحریک چلائینگی اے پی سی کے کل ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت مثبت تبدیلی ثابت ہو گی ۔

حافظ آباد میں میر حاصل بزنجو کے تعزیتی ریفر نس اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالماک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں ہی ملک میں تبدیلی لیکر آئینگی جس طرح ماضی میں ایوب خاں اور ضیاء الحق کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کی تحریک کامیاب ہوئی تھی انکا کہنا تھا کہ اس وقت تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ہیں اور جب تک ہمارے مقاصد پورے نہیں ہوتے اپوزیشن کا اتحاد اسی طرح جاری رہیگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میںڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کار کردگی بلوچستان میں تو کہیں نظر نہیں آتی ،البتہ پنجاب میں اگر کوئی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔پنجاب کا بھی وہی حال ہے جو بلوچستان کا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اس بات پر یقین ہے کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے ہم پار لیمنٹ کی بالا دستی ووٹ کی عزت اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان کے حکمرانوں نے 72سال تک امریکا کو اپنا آقا بنائے رکھا لیکن مو جودہ حکمرا ن اب کہیں اور جا رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں جمہوریت کو فروغ دیا جائے پاکستان کی اندرونی، بیرونی پا لیسیوں پر غور کیا جائے اور عوام کو آ زادانہ ووٹ دینے کا حق دیا جائے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک سینٹر میر کبیر شاہی ، سینٹر اکرم دستی اور سابق وفاقی وزیر صھت سائرہ افضل تارڑ نے سابق سینٹر میر حاصل بزنجو مر حوم کی سیاسی اور قومی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر حاصل بز نجو نڈر، جر ات مند، ملکی استحکام اور عوامی مفادات پر ڈٹ جانے والے بلوچ لیڈر تھے جنہوں نے عوام کی خاطر قید و بند کی صو بتیں بھی بر داشت کیں انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کی آ واز بلند کی اور عامریت کے خلاف ڈٹے رہے آج یہی وجہ ہے کہ پوری قوم ان کی سیاسی خد مات پر انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

اس موقع پر میر حاصل بز نجو مر حوم کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب کے لئے دعابھی کی گئی۔بعد ازاں سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان اور دیگر راہنما مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکریٹریٹ بھی گئے جہاں سائرہ افضل تارڑ سمیت ن لیگ کے مقامی راہنمائوں محمد زمان بھون ، خالد محمود بٹ، ریاض احمد تارڑ اور سر فراز احمد تارڑ نے ان کا استقبال کیا اور ملکی مو جودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔