ورجن اٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان

برطانوی ائیرلائن 11 دسمبر 2020 سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی، 2 شہروں اسلام آباد اور لاہور سے پروازیں چلائی جائیں گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 ستمبر 2020 22:06

ورجن اٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2020ء) ورجن اٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان، برطانوی ائیرلائن 11 دسمبر 2020 سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی، 2 شہروں اسلام آباد اور لاہور سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے حالات میں بہتری آنے کے بعد کئی بڑی غیر ملکی ائیرلائن نے یہاں سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کورونا وائرس سے بچاو اور سکیورٹی کے بہترین اقدامات کے باعث برٹش ائیر ویز کے بعد برطانیہ کی ورجن اٹلانٹک ایئر ویز نے بھی کچھ روز قبل پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس وقت پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اب برطانوی ائیرلائن ورجن اٹلانٹک نے اعلان کیا ہے کہ 11 دسمبر 2020 سے پاکستان سے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور سے لندن ہیتھرو، اسلام آباد سے لندن ہیتھرو اور اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے پروازیں دستیا ب ہوں گی۔ اسلام آباد سے مانچسٹر پرواز ہفتے میں 4 بار سوموار، بدھ، جمعہ، ہفتے کو چلے گی،14 دسمبر 2020سے لاہور سے لندن ہیتھرو کی پر واز ہفتے میں 4 بار سوموار، بدھ، جمعہ، ہفتے کو چلے گی۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں جس بنا پر ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز نے اپنے فضائی آپریشن بحال کر نے شروع کر دیے جبکہ نئی غیر ملکی ائیر لائنز بھی پاکستان میں اپنا فضائی آپریشن شروع کر رہی ہیں ۔ غیر ملکی ائیرلائن کی پاکستان آمد سے یہاں سیاحت کے شعبہ کو بھی فروغ ملے گا۔