اسلامی تعاون تنظیم کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں تین مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

اتوار 20 ستمبر 2020 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2020ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تین مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ہفتہ کو ایک بیان میں او آئی سی کے انسانی حقوق کے ادارے نے ان کشمیریوں کی ماوراء عدالت قتل عام کی بھی مذمت کی ہے جنہیں بھارتی قابض افواج نے کالے قوانین کے تحت قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن نے کہا ہے کہ اس گھناؤنے فعل سے بھارتی افواج کے ذریعہ ہونے والے جرائم پر کمیشن کے بار بار خدشات کو بھی تقویت پہنچی ہے۔کمیشن کے مطابق قابض افواج کو اے ایف ایس پی اے کے تحت ہندوتوا نظریے کیلئے ریاستی حمایت حاصل ہے جس پر اقوام متحدہ اور او آئی سی نے متعدد بار تشویش کا اظہار کیا ہے۔آئی پی ایچ آر سی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن قائم کرے اور ہندوستان سے اے ایف ایس پی اے اور پی ایس اے کو منسوخ کرنے اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے احترام کا مطالبہ کرے۔