کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر متعدد اسکول بند تین جامعات کی تعلیمی سرگرمیاں معطل

اتوار 20 ستمبر 2020 15:35

کوئٹہ۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2020ء) کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر متعدد اسکول بند اور تین جامعات میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے لگے جس کے بعد کوئٹہ، چمن، ژوب، گوادر اور ڈیرہ بگٹی کے 11 اسکولز بند کر دیے گئے جب کہ لورالائی میڈیکل کالج، بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ، جامعہ بلوچستان اور کوئٹہ کی سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں سیکرٹری ثانوی تعلیم حکومت بلوچستان شیر خان بازئی کے مطابق کوئٹہ میں ایک نجی اسکول سمیت 4 اسکولوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ان تمام اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گوادر میں 3، ڑوب، چمن اور ڈیرہ بگٹی میں ایک ایک اسکول کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ جامعہ بلوچستان اور سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں شروع ہونے والی کلاسز بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب لورالائی میڈیکل کالج کے 3 ڈاکٹرز، 3 اسٹاف اور 4 اسٹوڈنٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد لورالائی میڈیکل کالج کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں اب تک 950 طلبا و طالبات اور اساتذہ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 67 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور 480 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہے۔