بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا عمل تیز

جعلی مقابلے میں قتل کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے : او آئی سی

اتوار 20 ستمبر 2020 19:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی حکام نے غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے لئے تحصیلداروں کے ساتھ ساتھ نائب تحصیلداروں کو بھی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے قواعد وضوابط2020 میں ترمیم متعارت کرائی ہے جس کے تحت تحصیلدارکے ساتھ ساتھ نائب تحصیلداربھی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر سکتے ہیں۔

غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیش آنے والے واقعات پر گہری نظر رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ بھارت یہ سب کچھ کم سے کم وقت میں علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم نے اتوار کو سرینگر میں ایک اجلاس میں بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میںمسلسل خونریزی ، نوجوانوں کو ہراساں کرنے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس کی صدارت پارٹی کے وائس چیئرمین غلام رسول کلو نے کی۔ حریت رہنما زمرودہ حبیب نے سرینگر میں ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک وفد مولوی بشیر احمد عرفانی کی سربراہی میں سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما راجہ خادم حسین کے گھر گیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

شبیر احمد ڈار اور محمد یوسف نقاش پر مشتمل ایک اور وفد سوپور میں شہید عرفان احمد ڈار کے گھرگیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن نے رواں سال 18 جولائی کو وادی کشمیر کے ضلع شوپیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 3 بے گناہ کشمیری مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے انسانی حقوق کے ادارے نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے اس گھناؤنے اقدام کے اعتراف سے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے اس طرح کے جرائم کے بارے میں ادارے کی طرف سے بار بار ظاہر کئے گئے خدشات کو تقویت ملی ہے۔

کمیشن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے۔ملائیشیا میں اسلامی تنظیموںکی مشاورتی کونسل کے صدر محمد اعظمی عبدالحمید نے کوالالمپور میں ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری مظالم کو رکوائے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ قابض بھارتی فورسز کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہی ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت نے اپنے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مزاحمتی تحریک کے لئے بڑھتی حمایت کے جواب میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران آزادی کے حق میں نعرے بلند کرنے والے شیعہ نوجوانوںپر بدترین تشددکیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے گذشتہ برس 5 اگست کے بھارتی اقدام نے شیعوں سمیت کشمیریوں کی اکثریت کو مشتعل کردیا ہے۔

ٹی وی نے کہا کہ شیعہ اکثریتی ضلع کرگل میں رہنے والے لوگوں نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے خلاف بھر پور آواز بلند کی۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں بھارتی فوج کا ایک مزدور پہاڑی سے پھسل کر ہلاک ہو گیا۔ جموں کے علاقے جوریاں میں قائم بھارتی فوج کے ایک کیمپ سے ایک فوجی اہلکار کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ بھارتی پولیس حکام نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات ظاہر ہو رہی ہے کہ فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کشی کی ہے۔