شبیر ڈار ، یوسف نقاش کا شہید عرفان احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی

اتوار 20 ستمبر 2020 21:25

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2020ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار اور محمد یوسف نقاش پر مشتمل ایک وفد شہید عرفان احمد ڈار کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سوپور میںانکے گھر گیا۔ بھارتی پولیس نے عرفان احمد کو چند روز قبل زیر حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد اور محمد یوسف نقاش نے اس موقع پرعرفان احمد کے زیر حراست قتل کی مذمت کر تے ہوئے کہا بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر کو مکمل طورپر ایک پویس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوان کے قتل کے حوالے سے پولیس کے موقف کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے کشمیرمیں گزشتہ اکتیس برس سے رچائے جا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی پولیس کشمیریوں کو گھروں سے اٹھا نے کے بعد دوران حراست انہیں تشدد کر کے شہید کر دیتی ہے۔وفد میںشکران احمد اور مبشر احمد بھی شامل تھے۔دریں اثنا محمد یوسف نقاش اپنی پارٹی حریت رہنما شکیل احمد بٹ کے گھر بھی گئے اور انکے ساتھ ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔