فن مصوری کے ذریعے بچے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے معاشرے میں سدھار پیدا کر سکتے ہیں،ناصرالدین شیخ

الخدمت فائونڈیشن آرفن کئیر پروگرام سندھ ریجن کے تحت لطیف آباد میں’’ فن مصوری اور مضمون نویسی ‘‘کے مقابلوں کا انعقاد کیاگیا

اتوار 20 ستمبر 2020 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) جماعت اسلامی کے رفاہی ادارے الخدمت فائونڈیشن آرفن کئیر پروگرام سندھ ریجن کے تحت لطیف آباد میں’’ فن مصوری اور مضمون نویسی ‘‘کا مقابلہ منعقدہ ہوا جس میںحیدرآباد ، ٹنڈو الہیار، بدین ، نواب شاہ اور میر پور خاص سمیت دیگر اضلاع سے 35طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، تقریب سے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد ڈاکٹر ناصر الدین شیخ ، نائب صدر الخدمت فائونڈیشن سندھ سید یونس، جنرل سیکریٹری الخدمت فائونڈیشن سندھ محمد شاہد، اے ایم ایس جنرل سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو ڈاکٹر سیدنذیر حیدر شاہ، سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید،زین العابدین لغاری، نصر اللہ لغاری ، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن، نعیم عباسی ، سلیم سمن ، صدر صرافہ بازار ایسوسی ایشن شکیل شیخ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ناصر الدین شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن نے فن مصوری اور مضمون نویسی کا مقابلہ انعقاد کر کے کرونا وائرس کے دوران جو کچھ ہوا اس فن کو تخلیق کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، فن مصوری کے ذریعے بچے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے معاشرے میں سدھار پیدا کر سکتے ہیں، نائب صدر الخدمت فائونڈیشن سندھ محمد یونس نے کہا کہ معاشرے کے یتیم و مستحق بچوں پر اپنا دستِ شفقت رکھ کر ان کوبھی اپنے بچوں کی طرح اچھی تعلیم و تربیت کا حق دلا کر ان کو معاشرے کا بہترین انسان بنانا ہمارا فرض ہے، اسی میں ہمیں حقیقی دل کا سکون اور اللہ پاک اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا قرب خاص حاصل ہوگا، الخدمت پورے پاکستان میں 14ہزار بچوں کی کفالت کر رہا ہے ۔

الخدمت کے 5بچے ائیر فورس کے ادارے میں پڑھنے کے لیے منتخب ہوئے ہیں جو کہ الخدمت فائونڈیشن کے لیے قابل فخر بات ہے، الخدمت فائونڈیشن لاکھوں دکھی لوگوں کی بغیر کسی رنگ و نسل اور فرقے کے مسلسل کئی سالوں سے تعلیم، صحت، قدرتی آفات، یتیم بچوں کی کفالت اور مستحق لوگوں میں راشن تقسیم جیسے کام بلاتفریق، بے لوث، ہمہ وقت خدمات سرانجام دے کر قوم اور معاشرے کی اصل خدمت کررہی ہے، سر پرست الخدمت فائو نڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہاکہ بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں ، ہم نے اپنے اور اپنے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنانا ہے تو ہم کو اپنے آس پاس معاشرے کے پسے ہوئے مستحق اور یتیموں کی مدد اور کفالت کر کے اپنے ہی ان محروم اور مجبور لوگوں کی محرومیوں اور مجبوریوں کو ختم کرنے کے لیے اپنا دل بڑا کر کے اور بڑھ چڑھ کر آگے آنا ہوگا۔

ہم ان بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، دینی نقطہ نظر سے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان بچوں کی سرپرستی کریں، الخدمت آرفن کئیر پروگرام کے تحت آرفن بچوں کی تعلیم،خوراک،ذہنی اور جسمانی نشونما کی جاتی ہے تاکہ ان بچوں میں احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے، اے ایم ایس جنرل سول ہسپتال حیدرآبادڈاکٹر سید نذیر حیدر شاہ نے کہا کہ فن مصوری کی کاوش قابل ستائش ہے، بچوں میں تخلیقی صلاحیت ہوتی ہے اس سے بچوں کی ذہنی نشوو نما میں اضافہ ہوتا ہے، کورونا ابھی بھی ملک بھر میں موجود ہے بچوں کو اسکول میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے ، الخدمت فائونڈیشن ہمارے ملک کی اسی طرح خدمت کرتا رہے، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹرسیف الرحمن نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اللہ کی مدد، تائید اور مخیر حضرات کے بھرپور تعاون سے اور الحمد للہ الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد میں 200 سے زائد یتیم اور مستحق بچوں کی مکمل تعلیم و تربیت کی کفالت بھی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی طرح مجموعی طور پر الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد کے جاری مختلف شعبہ جات کے تحت شہر سمیت ضلع بھر میں سالانہ لاکھوں سے زائد مستحق افراد مستفید ہورہے ہیںجبکہ کورونا کی وباء کے دوران حیدرآباد کے ڈاکٹرز، اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں حفاظتی سامان اور عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی، الخدمت فاونڈیشن خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے، ہمارے رضاکار بلاتفریق رنگ، نسل، مذہب ہر جگہ پہنچے، ہم سمجھتے ہیں کہ الخدمت فائونڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے ایک بہت بڑا کام سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے ہیں، پروگرام کے آخر میںفن مصوری اور مضمون نویسی میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈ ، سرٹیفکیٹ اور تحائف تقسیم کئے گئے، اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن پرنائب صدر الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد محمد علی چوہان ، پروگرام منیجرسہیل احمد، الخدمت فائونڈیشن حلقہ خواتین کی سعدیہ رضوان ،فرح ناز اور طحہٰ بھٹی بھی موجود تھے۔