ْصوبہ بھر میں 65 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے، عبدالباسط

پیر 21 ستمبر 2020 13:49

ْصوبہ بھر میں 65 لاکھ 40  ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں آج (پیر )سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، ای او سی کوآرڈینیٹرعبدالباسط کے مطابق کوروناوائرس کی وبا کے باعث 13 مارچ کو انسداد پولیو مہمات معطل کی گئی تھیں۔ 6 ماہ کے تعطل کے بعد صوبہ بھر میں بیک وقت شروع ہونے والی یہ پہلی پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 65 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔

عبدالباسط کا کہنا تھا کہ مہم میں تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 28 ہزار 528 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پولیو ٹیموں میں25 ہزار410 موبائل اور 1 ہزار 864 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں۔ پولیو ٹیموں میںایک ہزار 91 ٹرانزٹ اور 163 رومنگ ٹیمیں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

(جاری ہے)

مہم کی موثر نگرانی کے لئے 6 ہزار 956 ایریا انچارج تعینات کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز خود فیلڈ میں رہ کر مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

عبدالباسط کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں اور فیلڈ سٹاف کے لئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، مہم کے دوران کورونا سے تحفظ کی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، پولیو مہم کے دوران حتی الامکان سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا، فیلڈ سٹاف کو سرجیکل ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور انفراریڈ تھرمل گنز سمیت تمام حفاظتی سامان مہیا کیا گیا ہے، پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے، والدین بچوں کو دو قطرے پلاکر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔