بائٹ ڈانس کا ٹک ٹاک کے شیئرز فروخت کرنے کا اعلان

ٹک ٹاک اپنے کارپوریٹ گورننس اور شفافیت میں اضافہ کرنے کے لیے بھی ایک منصوبہ شروع کرے گی،بیان

پیر 21 ستمبر 2020 16:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) چینی کمپنی بائٹ ڈانس نے کہا ہے کہ ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثوں کو کنٹرول کرنے والی نئی کمپنی ٹک ٹاک گلوبل، شیئرز فروخت کرنے کے لیے ابتدائی آئی پی او جاری کرے گی، جس کا مقصد مزید شفافیت لانا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک کے مالکانہ حقوق رکھنے والی کمپنی بائٹ ڈانس نے پیر کے روز اعلان کیا کہ امریکا میں چین کی مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی سرگرمیاں برقرار رکھنے کی حکومت کی طرف سے اجازت کے لیے ٹک ٹاک گلوبل کے نام سے ایک نئی کمپنی شروع کی گئی ہے اور اس کمپنی نے شیئرز فروخت کرنے کے لیے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او)جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

بائٹ ڈانس نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ نئی کمپنی آئی پی او جاری کرکے کتنی رقم جمع کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

بائٹ ڈانس نے اپنے بیان میں بتایا کہ ٹک ٹاک اپنے کارپوریٹ گورننس اور شفافیت میں اضافہ کرنے کے لیے بھی ایک منصوبہ شروع کرے گی۔بائٹ ڈانس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 80 فیصد حصہ داری کمپنی کے پاس رہے گی۔ یہ بیان اوریکل اور والمارٹ کے ان سابقہ بیانات کے برعکس ہے جس میں ان دونوں کمپنیوں نے کہا تھا کہ کمپنی میں غالب حصہ داری امریکی ملکیت والی کمپنیوں کی ہو گی۔

ٹک ٹاک گلوبل میں اب اوریکل اور والمارٹ کی حصہ داری بالترتیب 12.5% اور 7.5%رہے گی۔بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بائٹ ڈانس کے بانی ژانگ ایمنگ اور اس کے موجودہ ڈائریکٹرز اور والمارٹ کے سی ای او شامل رہیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس معاہدہ کے تحت امریکا کو ایلگورتھم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل نہیں ہے تاہم اوریکل کو وہاں ٹک ٹاک کے سورس کوڈ کا سیکورٹی چیک کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔