وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بچوں کو قطرے پلا کر صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر،مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی

پیر 21 ستمبر 2020 18:58

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بچوں کو قطرے پلا کر صوبے میں انسداد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ صوبائی وزراء عبدالعلیم خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، سردار حسنین بہادر دریشک اور چیف سیکرٹری نے بھی بچوں کو قطرے پلائے۔

پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں2کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایک لاکھ 10 ہزار ورکرز اور سپروائزر گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلائیں گے۔ پولیو ورکرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ اس جنگ کو جیتنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے۔مشترکہ کاوشوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کو شکست دینے کیلئے نئے جذبے اورعزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔