حکومت مخالف احتجاج کیلئے بہت بڑی فنڈنگ شروع ہونے والی ہے

عمران خان کی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمارے سلامتی اداروں پر تنقید کی گئی، کیونکہ فوج حکومت کی نہیں ملک کی ہوتی ہے۔ سینئر صحافی کا دعویٰ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 ستمبر 2020 21:40

حکومت مخالف احتجاج کیلئے بہت بڑی فنڈنگ شروع ہونے والی ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2020ء) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت مخالف احتجاج کیلئے بہت بڑی فنڈنگ شروع ہونے والی ہے، عمران خان کی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمارے سلامتی اداروں پر تنقید کی گئی، کیونکہ فوج حکومت کی نہیں ملک کی ہوتی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی میں اپنے تبصرے میں کہا کہ نوازشریف اب جو بھی بولے ہیں وہ کشتیاں جلا کر بولیں ہیں۔

نوازشریف دو اسلامی ممالک کی آشیر آباد اور ان سے مذاکرات کے بعد بولے ہیں۔ اپوزیشن کے احتجاج کیلئے بہت بڑی فنڈنگ شروع ہونے والی ہے۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ نوازشریف نے تقریر کرکے خودکش حملہ آصف زرداری اور شہبازشریف دونوں پر کردیا ہے، کیونکہ آصف زرداری اور شہبازشریف دونوں راتوں کو ملاقاتیں کرنے جاتے تھے،دونوں کے معاملات سیٹ تھے۔

(جاری ہے)

لیکن مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کی ان سے سوچ الگ ہے۔ لیکن نوازشریف نے کل آصف زرداری اور شہبازشریف کے معاملات کو بلڈوز کردیا ہے۔ میں 100 فیصد ٹھیک کہہ رہاہوں کہ دو دوست اسلامی ممالک نے تقریر کروائی۔ کیونکہ پاکستان آج کل امریکا کی بجائے چین کیمپ میں جارہا ہے۔ اس میں یہ ایشو بھی ہے، اس موقع پر سعید قاضی نے کہا کہ نوازشریف تو کہتے ہیں سی پیک موجودہ حکومت خراب کررہی ہے۔

نوازشریف نے سب سے زیادہ اہم ترین ادارے کو ہٹ کیا، عمران خان کو تو وہ کچھ نہیں سمجھتے۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ عمران خان کی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمارے سلامتی اداروں پر تنقید کی گئی۔ کیونکہ فوج حکومت کی نہیں ملک کی ہوتی ہے۔ نوازشریف کیخلاف جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔ تجزیہ کار طاہر ملک نے کہا کہ نوازشریف کی خوبی کہیں گے یا خامی کہیں انہوں نے خود کو نہیں کہا میں بہت مقبول ہوں، نوازشریف نے جو خاموشی رکھی تھی وہ اس لیے تھی کہ جج ارشد ملک کے برطرف ہونے اور اس کے خلاف فیصلہ آنے سے ان کو ریلیف ملے گا۔ لیکن اب انہوں نے خاموشی توڑ دی ہے۔