چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیراعظم

معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے: عمران خان

پیر 21 ستمبر 2020 22:20

چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔وہ پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ان سے الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان نے چین کے سفیر یاؤ جنگ کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کاوش کی تعریف کی اور کہا کہ انہی کے دور میں سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے سفیر سے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔انہوںنے کہاکہ چینی قیادت نے اپنیعوام کی معاشی خوشحالی کے لیے مثالی کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت، صنعت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک علاقائی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

چین کے سفیریاؤ جنگ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے وزیراعظم کے قائدانہ کردار پر اظہار تشکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ چینی قیادت کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے کردارکواعلیٰ سطح پر سراہا گیا ہے۔چین کے سفیر نے گزشتہ دنوں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی تھی۔ پاک فوج کے سربراہ نے ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا تھا۔