میگ لیننگ ویمنز بگ بیش لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لئے میلبورن سٹارز کی کپتان نامزد

منگل 22 ستمبر 2020 15:30

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) میلبورن سٹارز نے آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کو ویمنز بگ بیش لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لئے نئی کپتان نامزد کر دیا ہے۔ میگ لیننگ کو ایلیس ویلانی کی جگہ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ ایلیس ویلانی نے گزشتہ سیزن میں میلبورن سٹارز کی قیادت کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔ اس سے قبل پرتھ سکارچرز میں جانے سے پہلے میگ لیننگ ابتدائی دو سیزن میلبورن سٹارز کی کپتانی کر چکی ہیں۔

میگ لیننگ نے کہا ہے کہ میں ایک بار پھر میلبورن سٹارز کی رہنمائی کرنے کا انتظار کر رہی ہوں اور ایلیس ویلانی نے ٹیم کو جہاں چھوڑا ہے میں اس کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی کوشش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ میلبورن سٹارز کی قیادت میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اور میں اس بات پر خوش ہوں ۔

(جاری ہے)

لیننگ نے کہا میں واقعی میں کرکٹ کھیلنا چاہتی ہوں پہلے آسٹریلیا کے لئے اور پھر ڈبلیو بی بی ایل میں میلبورن سٹارز کے لئے کھیلنا چاہتی ہوں۔

کوچ ٹرینٹ ووڈہل نے کہا ہے کہ ہم نے رواں سال ہونے والے چھٹے سیزن کے لئے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جن سے مجھے میچز میں عمدہ کارکردگی کی امید ہے۔ ووڈہل نے کہا کہ میگ لیننگ کو کپتان نامزد کرنے کے فیصلے پر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور میں ایلیس ویلانی کا گزشتہ سیزن میں ٹیم کی قیادت کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ ڈبلیو بی بی ایل کے چھٹے سیزن کے لئے میلبورن سٹارز کا سکواڈ میگ لیننگ (کپتان) کیتھرین برنٹ، نٹ سیور، ایلیس ویلانی، مگنن ڈو پریز، انابیل سدرلینڈ، لسی کرپس، بھوی دیوچند، ایلانا کنگ، ہولی فرلنگ، ایرن آسبورن، ٹیس فلنٹوف، جارجیا گیل، سوفی ڈے اور نیکول فالٹم پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :