احسن اونتو کا کوٹ بھلوال جیل میں شدید علیل کشمیری نظربندوںکی حالت زار پر غم و غصے کا اظہار،

عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے رابطہ کرنے کا عندیہ

منگل 22 ستمبر 2020 17:29

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میںانٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے کوٹ بھلوال جیل جموں میںشدید علیل کشمیری سیاسی نظربندوںکی حالت زار پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں فوری مداخلت کیلئے عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ سے رابطہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جیل حکام کئی ماہ قبل جاری کئے گئے عدالتی احکامات کے باجود علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل نہ کر کے کشمیری نظربندوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ غفلت کی انتہا یہ ہے کہ جیل میںنظربندوںکے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی نہیں کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

احسن اونتو نے مزید کہا کہ اگر حکام نے فوری طورپر کوئی اقدام نہ کیا تو وہ بھارت اور جموںوکشمیر کی مختلف جیلوں میں کشمیری سیاسی نظربندوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قیدیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کشمیری نظربندوںکی ایک فہرست بھی جاری کی جو دل ، پھیپھڑوں ، گردوںاور شوگر کے امراض سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندبعض شدید علیل کشمیری نظربندوں میں محمد امین علائی ، حیات بٹ ، طارق احمد شاہ ، سجاد احمد بٹ ، عادل یاسین ، عمران نبی وانی ، لطیف احمد ، دولت علی مغلو ، منظور احمد میر ، عاشق حسین خواجہ ، غلام قادرراتھر اور شوکت احمد بٹ شامل ہیں۔