جن کاموں کواسلام نے منع فرمایا ہے آج انہیں کاموںمیں بے تحاشااضافہ ہورہاہے،حاجی حنیف طیب

منگل 22 ستمبر 2020 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) نظام مصطفی پارٹی کے صدرسابق وفاقی وزیر محنت وافرادی قوت،سمندرپارپاکستانیز ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ پاکستان لاکھوں شہداء کی قربانیوں سے اس لئے بنایاگیا تھا کہ یہاں نظام مصطفی ﷺکا نفاذ قائم ہوسکے آج ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے بے وفائی کررہے ہیں پاکستان بنانے مقصد سے پیچھے ہٹے جارہے ہیں ہمارے معاشرے میں بے حیائی اورغیر اخلاقی کام اس قدربڑھ گئے ہیں کہ ہم پستی کی طرف جارہے ہیں، جن کاموں کواسلام نے منع فرمایا ہے آج انہیں کاموںمیں بے تحاشااضافہ ہورہاہے۔

گھروں میں لڑائیاں جھگڑے،بزرگوں اوروالدین کے ساتھ بدکلامی،ظلم وزیادتی،لالچ،ملاوٹ،ناپ تول میں کمی،بدعنوانی،دھوکہ دہی،جھوٹ افسوس کا مقام تو یہ ہے ایسی کونسی برائیاں ہے جو ہمارے معاشرے میں دیکھنے کو نہیں ملتی یہ تمام چیزیں اس لئے بڑھتی جارہی ہیںکہ قانونی گرفت کا کمزورہونا،مجرموں کو سہولیات فراہم کرنا،شرعی قوانین کا نفاذ کانہ ہونا،انٹرنیٹ اورسوشل میڈیاکامنفی استعمال اوراسلامی تعلیمات سے دُوری ہے۔

(جاری ہے)

حاجی محمدحنیف طیب نے ذرائع ابلاغ میں چھپنے والی اس خبر پر افسوس کا اظہارکیا کہ شہر قائد میں سوشل میڈیا پر نوکری کا جھانسہ اور انٹرویو کے لیے آئے نوجوانوں کی آبروریز ی کا انکشاف ہوا ہے،غیر اخلاقی ویڈیو بنا کربلیک میلنگ اور ویڈیوزانٹرنیشنل ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کی جاتی ہیں ،حکومت کو چاہیے کہ وہ اس بات تصدیق کریں تاتردید اس کی تحقیقات کرکے عوام کے سامنے حقائق لائے جائیں اوراس جرم میں ملوث مجرموں کو کیفرکردارتک پہچایاجائے۔

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے،سوشل میڈیاکے ذریعے جہاں اچھے کام ہونے چاہیے وہاںاس کا غلط استعمال کرکے نفرت، مذہبی انتہاپسندی ،غیر اخلاقی کاموں کا بیج بویا جارہاہے جس نے پورے ملک کو تباہ وبربادکرکے رکھ دیا ہے ،حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ کمپیوٹر کے ماہرین کے ساتھ مل کر ایسا نظام متعارف کرایاجائے جو سوشل میڈیا کو مانیٹرنگ کرسکیں،جوعناصر جعلی اکاؤنٹس بناکرغیراخلاقی،غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے ان کی فوری نشاندہی کرکے کاروائی کی جا سکیں۔