ملک میں احتساب کا عمل سخت اور بلاتفریق ہونا چاہیے، بار و بینچ کی ہم آہنگی نا گزیر ہے،خان افضل

منگل 22 ستمبر 2020 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) اسلامک لائرز مومنٹ پاکستان کے صدر ایڈووکیٹ خان افضل نے ملک میں احتساب کے عمل کو سخت و بلا تفریق ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک و معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ آئی ایل ایم کے تحت دسمبر کے آخری ہفتہ ملک گیر وکلاء کا کنونشن منصورہ لاہور میں ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق و دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ بار سے خطاب اور مختلف لائرز فورم کے وکلاء سے بات چیت کے دوران کیا۔ آئی ایم ایل کے صوبائی صدر سردار اکبر اجن ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شعاع النبی ایڈووکیٹ و دیگر مقامی عہدیداران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اسلامک لائرز مومنٹ کے مرکزی صدر خان افضل سندھ کا ایک ہفتہ کا دورہ کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایل ایم ملک میں جمہوریت کے فروغ، عدلیہ کی آزادی اور بار و بینچ کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وکلاء برادری کو قومی مفاد اور سستا و فوری انصاف کیلئے آپس میں متفق اور بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین اوربچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ شرعی سزاؤں پر عمل درآمد کر کے ملزمان کو معاشرے کی اصلاح و عبرت کا نشانہ بنایا جائے۔