ہرنائی، اے پی سی کا مقصد نیب کو مطلوب افراد کو ریلیف دینے کیلئے بلیک میلنگ ہے، صوبائی وزیر نورمحمد دمڑ

منگل 22 ستمبر 2020 18:20

ہرنائی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) بی اے پی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر پی ایچ ای ،واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ اے پی سی میں شامل اکثر جماعتوں کے قائدین اور عہدیدار نیب کو قومی خزانہ لوٹنے کے کیسز میں مطلوب ہیں، اے پی سی کا مقصد صرف اور صرف نیب کو مطلوب افراد کو ریلیف دینے کیلئے بلیک میلنگ ہے، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کی جگہ جیل ہی ہوگی کوئی ریلیف اور این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی معتبرین ،وعلماء کرم کے ساتھ ملکر قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کرونگا، قبائلی دشمنیاں ہی علاقے کی ترقی و خوشحالی میںرکاوٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوئی شریف میں دو خاندانوں کے درمیان قتل کی درینہ دشمنی کا تصفیہ کرانے کے حوالے سے منعقدہ قبائلی جرگے سے خطاب اور اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

پوئی میں منعقدہ قبائلی جرگے سے ملک لاجور دمڑ۔حاجی جان چیرمین،ملک آیاز خان دمڑ،حاجی باز محمد دومڑ،حاجی خان محمد دمڑنے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے اے پی سی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اے پی سی حکومت پر پر دباؤ ڈالنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی کوبھی این آر او نہیں دیں گے، میاں نواز شریف بیماری کابہانہ کرکے باہر ملک فرارہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن سیاست کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتی ہے، وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف اپنے پختہ عزم پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قوموں اور خاندانوں کے درمیان جاری رنجشوں ، تنازعات کو ختم کرنے کیلئے ہم سب نے ملکر کر اور اخلاص سے انہیں ختم کرنے کیلئے جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی قوم، خاندان کے درمیان کوئی رنجش ، تنازعہ نہیں رہے بلکہ قوم اور خاندانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق اور خوشحالی ہو۔ صوبائی وزیر نے پوئی شریف کے دونوں خاندانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میڑھ مرکہ کو قبول کرتے ہوئے قتل درینہ دشمنی کو ختم کردیا اور آپس میں شیروشکر ہوگئے۔