توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری

منگل 22 ستمبر 2020 19:29

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے عمر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن کے رہائشی سید علی عباس کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن میں ملازمت کرتا تھا، 11 مئی 2016 کو محکمانہ سزا کے طور پر جبری ریٹائر کر دیا گیا، جبری ریٹائرمنٹ کیخلاف 7 جون 2016 کو چیف سیکرٹری کو اپیل کی، شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے درخواست دادرسی کیلئے چیف سیکرٹری کو بھجوا دی، عدالت نے چیف سیکرٹری کو زیر التواء درخواست پر قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا،عدالت کے 23 جنوری 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی۔