صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چار بلوں کی منظوری دیدی

ان بلوں میںاسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2020ء، اسلام آباد وقف پراپرٹیز بل 2020ء، پاکستان میڈیکل کمیشن بل 2020ء اور پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل 2020ء شامل ہیں

منگل 22 ستمبر 2020 19:26

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چار بلوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2020ء، اسلام آباد وقف پراپرٹیز بل 2020ء، پاکستان میڈیکل کمیشن بل 2020ء اور پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل 2020ء کی منظوری دیدی۔ منگل کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2020ء کی منظوری دی ہے۔

اس بل کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد 6 سے بڑھ کر 9 ہو جائے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد وقف پراپرٹیز بل 2020ء کی بھی منظوری دی ہے۔ اس بل کے تحت اسلام آباد کے علاقوں میں وقف شدہ جائیدادوں کے بہتر انتظام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میڈیکل کمیشن بل 2020ء کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

بل کے تحت طب کے شعبہ کو ریگولیٹ کرنے اور میڈیکل کی تعلیم میں یکساں معیار کے نفاذ میں مدد ملے گی۔ ادارہ میڈیسن اور دندان سازی کے شعبہ میں ٹریننگ اور تعلیمی قابلیت کے معیار کو بہتر بنائے گا۔ دریں اثناء صدر مملکت نے پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل 2020ء کی بھی منظوری دی۔ بل کے تحت خصوصی جوڈیشل ٹربیونل قائم کیا جائے گا۔ خصوصی جوڈیشل ٹربیونل طب اور صحت کے شعبے سے متعلق تنازعات جلد نمٹائے گا۔