ایچ ای سی اور ہواوے ٹیکنالوجیز کے مابین ایم او یو، یو ای ٹی کی کاوشوں کا اعتراف

یو ای ٹی نے تجربہ کار طلبہ تیار کرکے ناقابل فراموش کارہائے نمایاں پیش کئے، چیئرمین ایچ ای سی یونیورسٹی نے نہ صرف طلبہ کی تربیت کی بلکہ مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کیلئے معاونت بھی کی، ایم او یو تقریب سے خطاب

منگل 22 ستمبر 2020 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2020ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے،آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین ایچ ای سی نے ٹیکنالوجی کے میدان میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہا۔ چیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بونیری نے دیگر جامعات کو بھی یو ای ٹی کے تجربات سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے نہ صرف طلبہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا، بلکہ انہیں نوکری کے حصول اور کاروبار میں بھی معاونت کی۔ یقینا تمام جامعات بالخصوص نئی یونیورسٹیز اس تجربے سے سیکھ سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ مفاہمتی یاداشت کے تحت ہواوے ملک کی آٹھ نئی جامعات میں ہواوے آئی سی ٹی اکیڈمیز قائم کر ے گا۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک بھر میں ہواوے آئی سی ٹی اکیڈمیز کی تعداد 15 ہے جو رواں سال کے اختتام تک 23 ہوجائے گی۔ مفاہمتی یاداشت کی آن لائن تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ ارم، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر فتح مری، وائس پریذیڈنٹ تعلقات عامہ و کمیونیکشن مڈل ایسٹ لی شی نگ اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز شریک ہوئے۔