حکومت کی چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کیلئے تنخواہ، معیار میں تبدیلی

اچھے اور معیاری امیدواروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے معاوضے کو دگنا کردیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 ستمبر 2020 20:32

حکومت کی چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کیلئے تنخواہ، معیار میں تبدیلی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2020ء) حکومت کی جانب سے چیئرمین اوگرا کے لیے اچھے اور معیاری امیدواروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے معاوضے کو دگنا کردیا گیا جبکہ امیدواروں کے لیے سلیکشن کے معیار میں بھی متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں. رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں آج منگل کے روز وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس متوقع ہے، جس میں اس حوالے سے سمری کی منظوری دی جاسکتی ہے جسے پہلے ہی وزیراعظم کی جانب سے منظور کیا جاچکا ہے.

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ میں موجود ذرائع نے بتایا کہ مرزا شہزاد اکبر سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیں، جو وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ بھی ہیں، انہوں نے 38 درخواست گزاروں میں سے شاٹ لسٹ ہونے والے 5 امیدواروں کو مسترد کردیا تھا، جن میں سے کوئی بھی امیدوار 60 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا. کابینہ کے سیکرٹری احمد نواز سکھیرا کے مطابق ان تمام امیدواروں میں سے کوئی امیدوار قابلیت کے لحاظ سے اوگرا چیئرمین کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا، انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی اس بات پر متفق ہے کہ چیئرمین اوگرا کے عہدے کے لیے وسیع النظر، قائدانہ صلاحیتوں کے حامل اور آئل کے شعبے سے متعلق جامع اور مکمل علم رکھنے والے شخص کی ہی تعیناتی ہونی چاہیے کیونکہ اسے اوگرا جیسے اہم ادارے کی قیادت سنبھالنی ہے.

انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر یہ توقع کی جارہی ہے کہ وفاقی کابینہ اوگرا کے چیئرمین کے تقرر کے لیے دوبارہ اشتہار دینے اور اس بار امیدواروں کے لیے مزید معیار کو بڑھانے جبکہ بہتر امیدوار کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مینجمنٹ پے اسکیل ون (ایم پی ون) کی جگہ اسپیشل پرووینشل پے اسکیل (ایس پی پی ایس) دینے پر زور دے گی. انہوں نے کہا کہ اس کے تحت تعینات ہونے والے چیئرمین کو مینجمنٹ تنخواہ کی مد میں 9 لاکھ 50 ہزار کے بجائے ایس پی پی ایس کے تحت 25 لاکھ روپے کے پیکج کی پیش کش کی جائے گی اس وقت تمام ممبران کو 6 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ادا کی جارہی ہے جبکہ چیئرپرسن کو اضافی 50 ہزار روپے ایڈمنسٹریٹو الاﺅنس کے طور پر دیے جاتے ہیں.

اس کے مقابلے میں ایس پی پی ایس کے تحت تنخواہ کا معیار 15 لاکھ روپے مقرر ہے جبکہ دونوں کے لیے تعلیم اور تجربے کا معیار ایک ہی ہے جن 5 امیدواروں کو انٹرویو کے بعد مسترد کردیا گیا ان کا تعلق مختلف اداروں سے تھا جن میں محمد عارف، زین العابدین قریشی، شہزاد اقبال (یہ تنیوں پہلے ہی سے اوگرا سے وابستہ ہیں) ان کے علاوہ سلمان امین اور سلمان شیر قیصرانی شامل تھے.