ٹڈی دل کے خلاف اسپرے مہم میں محکمہ زراعت سندھ کے 6 ملازمین ہلاک ہوگئے

زندگی کی بازی ہارنے والوں کو شہید کا درجہ دینے، ان کے خاندانوں کی کفالت اور اولاد کو ملازمت دینے کی سفارش کی ہے.وزیرزراعت سندھ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 ستمبر 2020 20:40

ٹڈی دل کے خلاف اسپرے مہم میں محکمہ زراعت سندھ کے 6 ملازمین ہلاک ہوگئے
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2020ء) وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے بعد مختلف علاقوں میں اسپرے مہم کے دوران محکمے کے 6 ملازمین زندگی کی بازی ہار گئے. اپنے بیان میں اسماعیل راہو نے کہا کہ اسپرے مہم کے دوران یہ ملازمین بےہوش ہوگئے تھے جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان میں سے 4 ملازمین میں ہسپتال میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی جبکہ 2 کو دل کا دورہ پڑا.

(جاری ہے)

اسماعیل راہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی سمری میں انہوں نے زندگی کی بازی ہارنے والوں کو شہید کا درجہ دینے، ان کے خاندانوں کی کفالت اور اولاد کو ملازمت دینے کی سفارش کی ہے. انہوں نے کہاکہ انہوں نے صوبائی حکومت سے اسپرے مہم میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کو بونس دینے کی بھی درخواست کی ہے واضح رہے کہ حکومت سندھ نے گزشتہ سال فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ٹڈی دل کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا.

انہوں نے کہاکہ ٹڈی دل گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان میں داخل ہوئی تھیں اور جون تک سندھ میں بھی حملہ کیا تھاٹڈی دل جولائی میں سندھ کے صحرائی علاقوں سے بھارتی ریاست راجستھان ہجرت کر گئی تھیں اور دوبارہ اکتوبر میں سندھ میں واپس آگئی تھیں اور مختلف فصلوں کو نقصان پہنچایا تھاگزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے جہاز کے ذریعے ٹڈی دل کے خلاف اسپرے مہم کے لیے جہاز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا.