وزیراعظم عمران خان کی سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت

گھریلو صارفین کو گیس کی قلت نہیں ہونی چاہیے، نئی پائپ لائن بچھانے سے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی یقینی ہوگی، گیس کی بچت کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 ستمبر 2020 21:26

وزیراعظم عمران خان کی سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس سپلائی یقینی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے دسمبر اور جنوری میں گھریلو صارفین کو گیس سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، نئی پائپ لائن بچھانے سے150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی یقینی ہوگی، گیس کی بچت کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سردیوں میں گیس کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

جس میں گیس کی طلب ورسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دسمبر اور جنوری میں گیس کی طلب ورسد پر قابو پانے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کا تعاون درکار ہے۔ نئی پائپ لائن بچھانے سے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی یقینی ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کہ وزیراعظم عمران خان نے دسمبر اور جنوری میں گھریلو صارفین کو گیس سپلائی یقینی بنانے گیس کی بچت کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

اسی طرح وزیراعظم کی زیرصدارت گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں پر اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ضروریات کے پیش نظرگندم کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ گندم کی درآمد میں پیشرفت پر مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ گندم کی دستیابی اور درآمد کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی جاچکی ہے۔

مزید 10 لاکھ ٹن گندم آئندہ ماہ ملک میں آجائے گی۔ دوسری جانب موسم سرما میں گیس کی بدترین قلت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں250 سے 300 ایم ایم سی ایف ڈی کا شارٹ فال ہونے کا امکان ہے۔ جس سے گیس صارفین متاثر ہوں گے۔ موسم سرما میں گیس کے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔ ایس ایس جی سی نے کےالیکٹرک اور دیگر اداروں کو خبردارکرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ مختلف گیس فیلڈز سے گیس کم موصول ہو رہی ہے۔ ایس ایس جی سی کو 150ایم ایم سی ایف ڈی شارٹ فال کا سامنا ہے۔ کم گیس موصول ہونے کے باعث لو پریشرکی شکایات ہیں۔