اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر اتفاق کرلیا

پہلی بار استعفوں پر اتفاق ہوا ہے، طریقہ کار اور وقت کا تعین باقی ہے: مولانا فضل الرحمان

Hassan Shabbir حسن شبیر منگل 22 ستمبر 2020 23:35

اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر اتفاق کرلیا
کراچی (اردو پوائنٹ- اخبارتازہ ترین22 ستمبر2020ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پہلی بار اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق ہوگیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیاکہ اپوزیشن جماعتوں میں اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق ہوگیا ہے، اب طریقہ کار اور وقت کا تعین ہونا باقی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھاکہ قوم کواپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سےامید نظرآرہی ہے، ہم ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل  ہونے والی رہبر کمیٹی کےاجلاس میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے، ہم اس حکومت کونکال کرعوام کی حکومت لائیں گے۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو(نیب) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تذلیل کے لیے نیب جیسے ادارے بنائے جاتے ہیں، نیب ظالم ادارہ ہے، اس سے انصاف کی توقع نہیں۔ خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان اس موجودہ حکومت کے آغاز سے ہی اپوزیشن پراسمبلیوں سے استعفے دینے پر زور دیتے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گذشتہ اتوار کو ہونے والی اے پی سی میں بھی اسمبلیوں سے اپوزیشن کے استعفوں کے معاملے پرگرما گرمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم استعفوں کے معاملے پر اتفاق نہ ہوسکا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان استعفوں کے بارے میں پارٹی رہنماؤں سے بحث کرتے رہے جب کہ  نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو پیشکش کی آپ اپنے استعفے مجھے اور میں اپنے استعفے آپ کو دیتا ہوں، پھر آپ دونوں کے استعفے مولانا فضل الرحمان کو دے دیں، تاہم پی پی پی کو استعفے دینے پر تحفظات تھے۔