امریکہ نے دسمبر میں پارلیمانی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی منصوبہ بندی پر 5 قانون سازوں کو بلیک لسٹ کردیا

بدھ 23 ستمبر 2020 12:50

امریکہ نے دسمبر میں پارلیمانی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی منصوبہ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) امریکہ نے وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کی حمایت اور دسمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وینزویلا کے 5 قانون سازوں پر پابندی عائد کردی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 5 بلیک لسٹ ہونے والے قانون سازوں نے دسمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں مبینہ جوڑتوڑ کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت نیکولس مادورو کی حکومت اور حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی سے وابستہ سیاست دانوں کو اپوزیشن جماعتوں کا کنٹرول دینے کے لیے کام کیا ہے اور اپوزیشن کے اعتماد کو مجروح کیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کہا کہ امریکہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی پر وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کی حکومت اور ان کی حمایتیوں کے احتساب کے لیے پرعزم ہے اور وہ وینزویلا کے عوام کے لیے شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

بلیک لسٹ کیے گئے قانون سازوں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے امریکیوں کے امریکہ میں اثاثے منجمد کردیئے جائیں گے۔

بلیک لسٹ کیے گئے قانون سازوں میں وینزویلا اپوزیشن کے 4 رہنما میگوئیل پونینٹی، گوئیلیرمو لوسز، برنابیگوٹیریز اور چیم بوکارانہ اور نیکولس مادورو کی حمایت کرنے والی بائیں بازو کی تحریک ٹومپامارو کے سربراہ ولیمز بیناویڈز شامل ہیں۔ دوسری جانب وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو چلانے والا گروپ مافیا کی طرح ہے جو دھمکیوں، بھتہ خوری، بلیک میل اور جارحانہ اقدامات کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :