ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے پر خارجہ پالیسی مختلف نہیں ہوگی‘ماہرین

ٹرمپ دوبارہ کامیابی کی صورت میںتہران کیساتھ معاہدہ یا دو طرفہ مذاکرات کر سکتے ہیں

بدھ 23 ستمبر 2020 13:01

ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے پر خارجہ پالیسی مختلف نہیں ہوگی‘ماہرین
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) چار برس قبل اٴْس وقت کے امریکی صدارتی الیکشن کے نامزد ہونے والے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر منتخب ہو گئے تو ایران حکومت کے جوہری معاہدے کو ترک کر دیں گے اور ایک بہتر ڈیل کو عمل میں لائیں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن کے برعکس ایران کو مسلسل آنکھیں دکھاتے رہتے ہیں۔

ابھی جب کہ امریکی صدارتی انتخابات بہت نزدیک ہیں مبصرین اس امکان کو رد نہیں کر رہے کہ اگر ٹرمپ دوبارہ کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو وہ تہران حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ یا دو طرفہ مذاکرات کر سکتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایک معروف امریکی تھنک ٹینک’’ کونسل آف فورن ریلیشنس‘‘سی ایف آر کے زیر اہتمام ایک ورچوئل کانفرنس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

جواد ظریف کے لیے یہ ایک اچھا موقع تھا امریکی عوام پر چند بنیادی نوعیت کے عوامل پر روشنی ڈالنے کی۔ خاص طور سے اس امر کو اجاگر کرنے کا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران سے متعلق پالیسی کو کس حد تک گمراہ کرنے والی پالیسی سمجھتے ہیں۔ حال ہی میں ایک ایرانی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ظریف نے اقوام متحدہ کی ایران کے خلاف از سر نو پابندیوں کے اعلان کو نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل محض پروپگینڈا قرار دیا تھا۔

امریکا نے ان پابندیوں کی پشت پناہی کی ہے۔ چار برس قبل اٴْس وقت کے امریکی صدارتی الیکشن کے لیے نامزد ہونے والے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر منتخب ہو گئے تو وہ تہران حکومت کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو ترک کر دیں گے اور اس کی جگہ ایک بہتر ڈیل کو عمل میں لائیں گے۔ ٹرمپ نے اپنے پہلے وعدے کے تحت 2018 ء میں ہی جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کردیا تاہم اپنے دوسرے وعدے یعنی اس معاہدے کی جگہ ایک بہتر معاہدہ طے کرنے میں اب تک ناکام رہے ۔

ٹرمپ کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ دوبارہ منتخب ہو گئے تو ان کی خارجہ پالیسی پہلے سے مختلف نہیں ہوگی۔ ایران پر لگی اقوام متحدہ کی پابندیوں کے خاتمے کے لیے واشنگٹن حکومت نے نام نہاداسنیپ بیک میکینیزم کو متحرک کیا، جس کے تحت تقریباً ان تمام پابندیوں کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جنہیں ماضی میں اٹھا لیا گیا تھا۔