کراچی ، تمام ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے ، نجم احمد شاہ

بدھ 23 ستمبر 2020 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹائون پلاننگ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام ترقیاتی اسکیموں اور تعمیری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، غیر ضروری تاخیر کے رجحان کو جڑ سے ختم کردیا جائے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کے افسران کے ہمراہ ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی ای)کی کارکردگی جائزہ میٹنگ میں نجم احمد شاہ نے کہاکہ لوگوں کی سہولیات اور عوامی منفعت کا فروغ محکمہ بلدیات سندھ کا بنیادی مقصد اور اولین ترجیح ہے ۔

سیکرٹری بلدیات کی زیر صدارت اجلاس میں کے ڈی اے کے تمام جاری منصوبوں کی رفتار ، تکمیلی مدت اور اخراجات کا جائزہ لیا گیا ۔نجم احمد شاہ نے کہا کہ طویل مدتی منصوبوں کی تکمیل میں عوامی مشکلات اور تکالیف کم سے کم ہونی چاہئیں لہذا تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز تر اور معیار خوب سے خوب تر بنایا جائے، آبادکاری کی ہر اسکیم کو کرپشن سے مکمل طور پر پاک رکھا جائے، محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے کے ڈی اے کو مکمل معاونت اور مالی مدد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، مگر بروقت منصوبہ جات کی تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بلدیات ، ہاوئسنگ و ٹائون پلاننگ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ترقیاتی اسکیموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منوڑہ کے ساحل پر جاری ترقیاتی منصوبہ بھی ترقیاتی منازل نہایت تیزی کے ساتھ طے کررہا ہے اور عنقریب شہر یوں کی تفریح و طبع کایہ نہایت بہترین اور جامع منصوبہ حقیقت کا روپ دھار لے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے انفرا سٹرکچر اور بلدیاتی ڈھانچے کو ہنگامی بنیادوں پر ازسرنو بحالی کی جانب گامزن کیا جارہا ہے، لہذا ہر بلدیاتی ادارے کو مکمل طور پر مالی اور محکمہ جاتی سپورٹ فراہم کی جارہی ہے تاکہ شہر کی رونقیں اور روشنیاں مستقل طور پر آباد رہ سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کاچارج چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے ، محکمہ جاتی اصلاح، کرپشن کا خاتمہ، ملازمین کی کارکردگی میں سدھار ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے دن رات کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں ، عوام سے بھی درخواست ہے کہ درست سمت میں ہماری رہنمائی فرمائیں ، احساس ذمہ داری کے ساتھ باضمیر شہری ہونے کا ثبوت دیں اور غلطیوں پر نشاندھی فرمائیں۔