موجودہ نا اہل حکمرانوں نے معیشت سمیت تمام شعبوں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ،نصیرخان اچکزئی

آل پارٹیز کانفرنس سے سابق محمد نواز شریف کا خطاب حقائق پر مبنی تھا جس پر وفاقی وزراء بوکھلاکراپوزیشن قائدین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری

بدھ 23 ستمبر 2020 17:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں نے معیشت سمیت تمام شعبوں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ،آل پارٹیز کانفرنس سے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا خطاب حقائق پر مبنی تھا جس پر وفاقی وزراء بوکھلاکراپوزیشن قائدین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے ۔

یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نصیرخان اچکزئی ،نائب صدر فاروق ماندائی،ملک ظاہرکاکڑ،سینئر رہنما الحاج خدائیدادترین ،یوتھ ونگ کے چیف آرگنائزرشکیب علی زئی،حاجی وارث،وہاب اٹل ،نسیم اللہ اچکزئی اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ 2018ء میں سینٹ انتخابات سے قبل ایک سازش کے تحت بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت گرادی گئی اور 2018ء کے عام انتخابات میں آر ٹی ایس گھنٹوں کیوں بند رکھی گئی اورپولنگ ایجٹوں کو باہر نکال دیا گیا جس کا موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن ’’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ‘‘ کے زیراہتمام ہونے والے احتجاج مظاہروں ،لانگ مارچ سمیت ہر قسم کے احتجاج کیلئے تیار ہیںاور پارٹی قائد کی ہر کال پر لبیک کہیں گے اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائدین کو گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا عوام کو نوکریاں اور گھر دینے والوں کا اصل چہرہ اب عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے وہ عوام کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتے۔