پنجاب اسمبلی کے سامنے سرکاری ملازمین کل پرامن احتجاج مظاہرہ کریں گے

صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا معاشی استحصال کسی صورت قبول نہیں ۔آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائینس پنجاب حکومت نے روش نہ بدلی تو راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔سلطان مجددی، رانا لیاقت

بدھ 23 ستمبر 2020 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) اساتذہ،ایپکا،سرکاری ملازمین اور پروفیسرز کی تنظیموں پر مشتمل آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے صوبائی چیئرمین محمد سلطان مجددی ، پروفیسر ندیم اشرفی ، رانا لیاقت علی ، چوہدری سرفراز، امتیاز عباسی، اللہ بخش قیصر، محمد فاضل، وحید مراد یوسفی، چوہدری محمد علی، میاں سرور معراج، فیض صدیقی، ناصر رحمت،طارق نیازی، چوہدری عقیل، ارشد مہر و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے سرکاری ملازمین فاقہ کشی اور ذہنی اذیت کا شکار ہورہے ہیں حکومت نے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے ملازمین کو زندہ درگور کر دیا ہے ضروریات زندگی کی اشیائ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جبکہ حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کی بجائے پینشن، گریجویٹی اور سالانہ ترقی کے خاتمے جیسے اقدامات اٹھا کر ملازمین کو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا ہے مہنگائی کے ہاتھوں ملازمین کی زندگیاں اجیرن ہیں علاج معالجہ بھی ناممکن ہو چکا ہے پنجاب میں ہزاروں اساتذہ NTSٹیسٹ پاس کر کے بھرتی ہوئے اب انہیں PPSC انٹرویو دینے کا کہا جا رہا ہے 2 لاکھ سے زیادہ اساتذہ 18 سال سے پے اینڈ سروس پروٹیکشن کے منتظر ہیں انہیں عدالتی فیصلوں کے باوجود پے اینڈ سروس پروٹیکشن کا حق نہیں دیا جا رہا۔

(جاری ہے)

ہاوس رینٹ 10 سال سے منجمند ہے لہذا جب تک ہمارے مطالبات مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، پے سکیل ریوائز،ہاوس رینٹ، میڈیکل اور کنوینس الاونس اضافہ، پے اینڈ سروس پروٹیکشن، SSE,S/AEO,S کی غیر مشروط ریگولرائزیشن ،کنٹریکٹ پر بھرتی کا خاتمہ ودیگر تسلیم نہیں کئے جاتے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائینس پنجاب اپنا احتجاج جاری رکھے گا آج پنجاب بھر کی طرح پنجاب اسمبلی کے سامنے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائینس پنجاب زیر اہتمام 12بجے دن پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو ملازمین راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

لہذا تمام سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔