وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت ترقیاتی امورکا جائزہ اجلاس

رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہائر ایجوکیشن کے اقامتی اداروں، کالجز، پولیٹیکنک انسٹیٹیوٹس اور لا ء کالج کی تعمیر کے نئے منصوبوں کے ڈیزائن اور ماسٹر پلان کی منظوری

بدھ 23 ستمبر 2020 22:14

وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت ترقیاتی امورکا جائزہ اجلاس
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہائر ایجوکیشن کے اقامتی اداروں، کالجز، پولیٹیکنک انسٹیٹیوٹس اور لا کالج کی تعمیر کے نئے منصوبوں کے ڈیزائن اور ماسٹر پلاننگ کی منظوری دے دی گئی، ان منصوبوں میں تین بلوچستان ریذیڈنشل کالجز، 17ڈگری کالجز، تین پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹس اور ایک لا کالج جبکہ 11 تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے،صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات میر عارف جان محمد حسنی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری مواصلات، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں رواں سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے منصوبوں کے علاوہ 107ترجیحاتی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلی نے جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت میں اضافے اور نئے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے اجلاس کو اقامتی اور ہائر ایجوکیشن کے دیگر اداروں کے ڈیزائن ماسٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ امورپر بریفنگ دی جبکہ منصوبے کے کنسلٹنٹ نے بلوچستان ریذیڈنشل کالجز کے منصوبوں میں شامل سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 50ایکڑ پر تعمیر کئے جانے والے ہر بی آر سی کی لاگت کا تخمینہ 1292ملین روپے ہے جس میں ایڈمن بلاک، اکیڈمک بلاک، طلبا اور اساتذہ کے لئے ہاسٹلز،پرنسپل اور وائس پرنسپل کی رہائشگاہ اور اسٹاف کالونی، مسجد اور کھیلوں کی سہولیات شامل ہیں، وزیراعلی نے ڈیزائن میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے کھیلوں، فٹسال، سوئمنگ پول،آڈیٹوریم اور جنریٹر کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی

متعلقہ عنوان :