Live Updates

مودی پاکستان دشمنی میں اندھا ہوچکا ، پاکستانی ہندوئوں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے،سینیٹر سراج الحق

وزیراعظم اور وزراء گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نپٹنے کیلئے حکومت کیا کر رہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتا تے حیرت ہے وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ،مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا،امیرجماعت اسلامی

بدھ 23 ستمبر 2020 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھا ہوچکاہے ۔ 11 پاکستانی ہندوئوں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں ۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ وزیراعظم اور وزراء گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نپٹنے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتا تے ۔

حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔

ملک میں معشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے ۔ پاکستان پر اس وقت 43 ہزار ارب روپے سے زائد قرضہ ہے مگر حکومت اب بھی دھڑا دھڑ قرضے لے رہی ہے ۔ موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک پہنچا دیا ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور اب تو نیپال ، بھوٹان ، بنگلا دیشن اور سری لنکا کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ واحد حکومت ہے جس نے عالمی وبا کرونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امداد ی رقم بھی ہڑپ کرلی ہے اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت کی شرح نمو 0.4 فیصد رہ گئی ہے ۔ حکومت کے دو سالوں میں چینی پچاس روپے سے 100 ر وپے اور آٹا 80 روپے فی کلو تک پہنچ گیاہے ۔ غریب کے لیے اپنے شیر خوار بچوں کے لیے دودھ خریدنا مشکل ہوچکاہے ۔

حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے ۔ ملک کا مزدور اور کسان دن رات حکومت سے نجات کے لیے دعائیں کر رہاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر دو سال سے صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے کسی وزیر مشیر کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا ۔ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں ۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کے گرد بڑے بڑے مافیاز کا گھیرا ہے ۔ وزیراعظم ان مافیاز سے کیوں بلیک میل ہورہے ہیں ، انہیں قوم کے سامنے رکھنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ آٹا چینی ، ڈرگ اور لینڈ مافیا عوام کے مجبوریوں سے کھیل رہاہے مگر وزیراعظم بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات