اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے پر اتفاق

اے پی سی میں شریک تمام اپوزیشن جماعتوں کو باقاعدہ سفارش کرنے کا فیصلہ، اپوزیشن اتحاد جنوری میں حکومت مخالف مارچ کرے گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 ستمبر 2020 00:48

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2020ء) اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے پر اتفاق، اے پی سی میں شریک تمام اپوزیشن جماعتوں کو باقاعدہ سفارش کرنے کا فیصلہ، اپوزیشن اتحاد جنوری میں حکومت مخالف مارچ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کو سونپ دی جائے۔

بدھ کے روز ہوئے رہبر کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ مولانا فضل الرحمان ہی اپوزیشن کے اتحاد کو موثر انداز میں لیڈ کر سکتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے تردید کی جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا ہے کہ رہبر کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے کی سفارش نہیں کی۔

(جاری ہے)

رہبر کمیٹی ایک بڑے آفس کے سربراہ کے لئے سفارش کی مجاز نہیں ہے، پی ڈی ایم کے سربراہ کا فیصلہ قیادت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ رہبر کمیٹی ایک چھوٹا فورم ہے، سربراہی کا اختیار اے پی سی میں شریک جماعتوں کے قائدین کریں گے، رہبر کمیٹی نے سفارش کی بجائے معاملہ قیادت کے سپرد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ اتوار کو ہوئی آل پارٹیز کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ جنوری میں حکومت کیخلاف مارچ کی جائے گا۔ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام اسے اتحاد تشکیل دے کر حکومت گرانے کی جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔