بنا اجازت دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

کبیر والہ میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو عدالت نے ایک سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 ستمبر 2020 01:08

بنا اجازت دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا
کبیر والہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2020ء) بنا اجازت دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا، کبیر والہ میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو عدالت نے ایک سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق کبیر والہ میں قانونی تقاضے پورے کیے بنا دوسری شادی کرنے والے شخص کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حافظہ سعدیہ نامی خاتون نے اپنے شوہر عبدالمنان کیخلاف عدالت سے رجوع کیا اور موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر نے اس کی اجازت کے بنا ہی دوسری شادی کرلی، لہذا اس کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے تمام معاملے کا جائزہ لینے کے بعد خاتون کے شوہر عبدالمنان کو قصور وار ٹھہرا کر سزا سنا دی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم کو 1 سال جیل اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

جبکہ ملزم کو اپنی پہلی بیوی کو بطور ہرجانہ بھی 2 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جرمانہ اور بیوی کو ہرجانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کی قید کی سزا میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی قوانین کے مطابق اب کوئی بھی شخص پہلی بیوی کی اجازت کے بنا دوسری شادی نہیں کر سکتا۔ پہلی بیوی کی اجازت کے بنا دوسری شادی کرنے والے شخص کیلئے سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔