ایک اُمت ہونے کیلئے مدارس اور خانقاہوں کو بھی ایک ہونے کی ضروت ہے، نہ ہوئے تو نقصان ہمارا ہے،میاں مقصوداحمد

فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد امت کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، اولیاء کرام قوم کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیںمرکزی صدرعلماء و مشائخ رابطہ کونسل

جمعرات 24 ستمبر 2020 08:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی صدر میاں مقصود نے کہا ہے کہ ایک اُمت ہونے کے لئے مدارس اور خانقاہوں کو بھی ایک ہونے کی ضروت ہے، اگر ایک نہ ہوئے تو نقصان صرف ہمارا ہے، ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد امت کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، اولیاء کرام قوم کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی لوئر سندھ کے زیر اہتمام علماء و مشائخ رابطہ کونسل کا اجلاس قباء آڈیٹوریم ہیر آباد میں ہوا جس کی صدارت مرکزی صدر میاں مقصود احمد نے کی، اجلاس میں علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے جنرل سیکریٹری پیر زادہ برہان الدین عثمانی، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ ، نا ئب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ ، عبد الوحید قریشی، عبد القدوس احمدانی اور ضلعی امیر حافظ طاہر مجید و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشائخ نے ہمیشہ انسانوں کو محبت کا درس دیا اور اللہ کی طرف بلایا، نومبر میں ایک بڑی علماء و مشائخ کانفرنس حیدرآباد میں منعقد ہو گی جس سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے، انہوں نے کہا کہ ملک میں کروڑوں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اولیاء اللہ کی درگاہوں پر حاضر ہوتے ہیں، ان درگاہوں کے گدی نشین حضرات کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو نظامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ کے لیے تیار کریں، علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے جنرل سیکریٹری پیرزادہ برہان الدین عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہاکہ اسلام، پاکستان یا ختمِ نبوت کے خلاف جب بھی کوئی سازش سامنے آئی جماعت اسلامی نے آگے بڑھ کر اس کا قلع قمع کیا۔

خانقاہوں کے گدی نشین جماعت اسلامی کے اس عظیم مشن میں ساتھ ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا اور ہم پاکستان کو بچائیں گے۔ ملّت کا اتحاد ہی پاکستان کے قیام کے مقاصد کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ختم نبوت کے خلاف سازشیں متحد ہوکر ناکام بنائی جاسکتی ہیں، علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے اجلاس سے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ ، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی نے بھی خطاب کیا۔