عمران خان باریاں لگا کر لوٹ مار کرنے والے کرپٹ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے آئے ہیں،ڈاکٹر شہباز گل

غریب کی آواز بننے کا ڈرامہ کرنے والوں نے 2700 سرکاری اہلکاروں کو ذاتی سکیورٹی پر مامور کیا،زرداری کا ماؤتھ پیس بن کر غریب کے مفاد کی بات آپ کبھی نہیں کر سکتے،سرکاری گاڑیاں تک کو ہتھیانے والوں کو عوام جان چکی ہے، معاون خصوصی کا شہباز شریف کے بیان پر ردعمل

جمعرات 24 ستمبر 2020 09:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان باریاں لگا کر لوٹ مار کرنے والے کرپٹ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے آئے ہیں،غریب کی آواز بننے کا ڈرامہ کرنے والوں نے 2700 سرکاری اہلکاروں کو ذاتی سکیورٹی پر مامور کیا،زرداری کا ماؤتھ پیس بن کر غریب کے مفاد کی بات آپ کبھی نہیں کر سکتے،سرکاری گاڑیاں تک کو ہتھیانے والوں کو عوام جان چکی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان باریاں لگا کر لوٹ مار کرنے والے کرپٹ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل آپ چارٹرڈ آف کرپشن کرکے ملک لوٹتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان اور غریب عورتوں کے علاج کے پیسے ہی ہڑپنے والے کس منہ سے عوام کا نام لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی امدادی رقم میں سے 1 ملین پاونڈ شہباز شریف نے اپنے داماد کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دربدر ہوتے رہے اور شریفوں کے اثاثے بڑھتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2003 سے 2018 کے دوران موصوف کے اثاثے تقریباً 80 گنا بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کی آواز بننے کا ڈرامہ کرنے والوں نے 2700 سرکاری اہلکاروں کو ذاتی سکیورٹی پر مامور کیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ قومی خزانے کو کھاؤ مال سمجھ کر 27 کروڑ روپے جاتی عمرا کی حفاظتی دیوار پر خرچ کیے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ زرداری کا ماؤتھ پیس بن کر غریب کے مفاد کی بات آپ کبھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھی آپ نے وہی فراڈ کیا جو عدالتوں میں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے میاں نے پارٹی فنڈ میں 10 کروڑ دے کر اگلے روز 4 کروڑ اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کیے۔ انہوں نے کہا کہ چینی گندم مافیاز کے سرغنہ آج عوام کیلئے بیقراری کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مفرور اور اشتہاری آج کل میڈیا سٹنٹس میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیاں تک کو ہتھیانے والوں کو عوام جان چکی ہے۔