ڈاکٹر ماہا کو منشیات سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار

ملزمان نے خودکشی کرنے والی ماہا شاہ کو کوکین سپلائی کی،منشیات کی آن لائن ڈیلیوری لاہور سے آپریٹ ہونے کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 24 ستمبر 2020 12:36

ڈاکٹر ماہا کو منشیات سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 24 ستمبر2020ء) کراچی میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کو منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزمان نے خودکشی کرنے والی ماہا شاہ کو کوکین سپلائی کی۔اس حوالے سے این این آئی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آئس، کرسٹل، چرس اور دیگر منشیات کی سپلائی کا آن لائن نیٹ ورک لاہور سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس نیٹ ورک کی ماسٹر مائنڈ ایک خاتون ہیں جو لاہور کے بااثر حلقوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساوتھ بشیر احمد بروہی کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈاکٹر ماہا علی کی خودکشی کی تفتیش کے دوران پولیس کراچی کے پوش علاقوں میں آن لائن ڈرگ سپلائی کرنے والے گروہ تک پہنچی، اس گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی بشیر بروہی کے مطابق آئس، کرسٹل اور دیگر منشیات استعمال کرنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سوشل میڈیا نیٹ ورک پر کھانے پینے کا سامان اور دیگر اشیا منگوانے کی طرح آرڈرز کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے دوسرے اکائونٹ سے یہ آرڈر لاہور کی ایک خاتون کو بھیجا جاتا ہے،یہ خاتون کراچی میں موجود اپنے نیٹ ورک کے لوگوں کو سپلائی فراہم کرنے کا آرڈر دیتی ہیں۔ پولیس کے مطابق کراچی کے کسی بھی علاقے میں کسی بھی وقت 30 سے 40 منٹ کے اندر اندر ڈلیوری کردی جاتی ہے رقم کی ادائیگی سپلائی کے وقت کیش میں کی جاتی ہے۔ بشیر بروہی کے مطابق ڈاکٹر ماہا علی کو کلفٹن کے کلینک میں آرڈر کرنے کے 30 منٹ میں اسی گروہ نے منشیات کی آخری ڈیلیوری دی تھی۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر ماہا علی کو منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس اس نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچی تاہم ابھی تک اس خاتون اور دیگر مرکزی کرداروں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔