مدارس اسلام کے قلعے ہیں، برصغیر میں اسلام کی سربلندی میں مدارس کا اہم کردار رہا ہے، سینیٹر مولانا عطاء الرحمن

جمعرات 24 ستمبر 2020 13:58

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں جس کی بنیادیں کمزور کرنے والے خود تباہ ہوں گے، برصغیر میں اسلام کی ترویج اور سربلندی میں مدارس کا اہم کردار رہا ہے جس کی روشنی میں پورا عالم منور ہوا، اسلام میں دنیاوی تعلیم کے علاوہ دینی تعلیم مرد و عورت پر فرض کی گئی ہے، جامعہ امہ سلمہ للبنات ایبٹ آباد کی طالبہ کو وفاق المدارس کے امتحان میں ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر ادارہ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ایبٹ آباد میں رئیس الجامعہ مفتی جعفر طیار مقبول اعوان کو اعلیٰ کارکردگی پر انہیں شیلڈ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن مدارس کے تحفظ کیلئے جرات مند موقف رکھتے ہیں جس پر عالم کفر لرزاں ہے۔ خاندان کی تشکیل و تربیت میں خواتین کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، دین اسلام کی تعلیم سے بہرہ بند ہونے سے مستحکم معاشرہ اور آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی دینی علوم کے مواقع فراہم کئے کریں، اس عمل میں والدین کی توجہ کی ضرورت ہے۔