پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے

عالمی بینک کے پاکستان میںکنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کا ٹویٹر پر پیغام

جمعرات 24 ستمبر 2020 13:58

پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہر تین میں سے ایک لڑکی زندگی میں کبھی سکول نہیں گئی۔

ملک کے بہتر مستقبل کے لئے پاکستان کے لئے تعلیم تک لڑکیوں کی رسائی میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات اٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حق لڑکوں اور لڑکیوں کو یکساں طور پر حاصل ہے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ سے 16 سال کی عمر کے 3.7 فیصد لڑکوں اور 29.5 فیصد لڑکیوں کو والدین سکول جانے کی اجازت نہیں دیتے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ لڑکیوں کے لئے پرائمری سکولوں میں خواتین اساتذہ کی کمی کا تناسب 53 اور مڈل سکولوں میں 72 اور سیکنڈری سکولوں میں 60 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے مزید اقدامات اٹھانا ہو ںگے۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے لوگوں کے علم، ہنر اور صحت میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے عمل میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو شامل کرنا چاہیے۔