سندھ پولیس کی رپورٹ کوغیر تسلی بخش قرار، سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل سے متعلق کیس کی سماعت دس ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی، مفرور ملزمان کو دو ہفتوں میں گرفتار کرنے کا حکم

جمعرات 24 ستمبر 2020 15:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل سے متعلق کیس کی سماعت دس ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمی نے سندھ پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مفرور ملزمان کو دو ہفتوں میں گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ جمعرات کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سندھ کے علاقہ میہڑ میں تہرے قتل سے متعلق کیس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈی آئی جی حیدر آباد نے عدالت کو بتایا کہ مفرورملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے آن گراؤنڈ کوششیں جاری ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے مزید وقت دیا جائے۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ڈی آئی جی حیدر آباد کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے لائیں،آپ کو زیادہ وقت نہیں دیںگے۔ ملزمان گرفتار نہ کئے تو سب فارغ ہو جائیںگے۔ عدالت میں سندھ پولیس نے جو رپورٹ داخل کی ہے وہ ایک رام کہانی ہے۔ سپریم کورٹ نے سندھ پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ تہرے قتل میں ملوث مفرورملزمان کو دو ہفتوں میں گرفتار کیا جائے۔