سعودی عرب کے یومِ وطنی پر بُرج خلیفہ پر سعودی پرچم جگمگا اُٹھا

امارات کے کئی شہروں میں جشن بھی منایا جا رہا ہے، ایئرپورٹس اور اہم سرکاری عمارات پر بھی سعودی پرچم آویزاں ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 ستمبر 2020 16:09

سعودی عرب کے یومِ وطنی پر بُرج خلیفہ پر سعودی پرچم جگمگا اُٹھا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 ستمبر2020ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں دونوں ممالک میں اسلامی اخوت کا رشتہ بہت گہرا ہے۔ اماراتی حکمرانوں کی جانب سے سعودی عرب کو ہمیشہ بڑے بھائی کادرجہ دیا گیا ہے۔ سعودی مملکت کے قیام کی 90 ویں سالگرہ صرف سعودیہ میں ہی نہیں بلکہ اماراتی ریاستوں میں بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

سعودی عرب کے یوم وطنی کے موقع پر یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے دُنیا کے بلند ترین ٹاور بُرج خلیفہ کو برقی قمقموں کی مدد سے سعودی پرچم میں رنگ دیا گیا۔یہ شاندار نظارہ دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد بُرج خلیفہ پہنچ گئے۔ جن میں اماراتی، سعودی اور پاکستانی بھی شامل تھے جس اس نظارے سے لطف اندوز ہوتے رہے اور ساتھ ساتھ میں یادگار کے طور پر سیلفیاں بھی بنوائیں۔

(جاری ہے)

بُرج خلیفہ کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر تحریر کیاگیا”سعودی عرب کے قیام کے نوے سال مکمل ہونے پر ہمیں فخر ہے۔ سعود ی پرچم کے رنگوں سے برج خلیفہ کو روشن کرکے سعودی عرب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہماری دُعا ہے کہ سعودی بھائیوں کو سلامتی، استحکام اور مزید ترقی وخوشحالی نصیب ہو۔“
شارجہ، دُبئی اور ابوظبی سمیت کئی شہروں میں سرکاری و نیم سرکاری عمارات پر الیکٹرانک سعودی پرچم روشن کر دیئے گئے۔

اس موقع پرابوظبی میں اماراتی فضائیہ کی جانب سے ایئر شو کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہو گئے۔ دُبئی اور ابوظبی ایئرپورٹس کے متعدد ٹرمینلز کوبھی سعودی پرچم سے سجایا گیا اورآنے جانے والے مسافروں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔اماراتی وزارتوں کے دفاتر پر بھی سعودی پرچم سجائے گئے اورمتعدد تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔ ابوظبی پولیس کی گاڑیوں کو بھی سعودی پرچم کے رنگوں سے سجایا گیا۔سعودی مملکت کے جشن میں شریک اماراتی شہریوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امارات کاقریب ترین دوست ہے، ہمیں اس دوستی پر فخر ہے۔امارات کے بعد ہم سعودی عرب کو اپنا دوسرا وطن خیال کرتے ہیں۔ خداسعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور خوشحالی سے سرفراز کرے۔